پاسپورٹ درخواستوں میں غیر معمولی اضافہ، تین ایجنٹس کے خلاف کارروائی، داسری بالیا کا بیان
ایس ایم بلال
حیدرآباد :/4 جنوری ۔ ریجنل پاسپورٹ آفس حیدرآباد نے 2022 ء میں پاسپورٹ کی اجرائی میں گزشتہ 7 سال کا ریکارڈ توڑتے ہوئے 6 لاکھ سے زائد پاسپورٹس جاری کئے ۔ سال 2020-21 ء میں کورونا وباء کی وجہ سے پاسپورٹ کی اجرائی محتاط تھی لیکن گزشتہ سال حالات معمول پر لوٹ آنے کے نتیجہ میں حیدرآباد پاسپورٹ آفس نے 6 لاکھ 59 ہزار 317 پاسپورٹ جاری کئے ۔ اس سلسلہ میں تفصیلات بتاتے ہوئے ریجنل پاسپورٹ آفیسر حیدرآباد مسٹر داسری بالیا نے کہا کہ کورونا وباء کے بعد حالات حسب معمول ہوجانے کے نتیجہ میں پاسپورٹ کے حصول کیلئے درخواستوں میں شدت پیدا ہوگئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ 2022 ء میں سینکڑوں افراد نے پاسپورٹ کی درخواستیں داخل کیں اور ان درخوستوں کی تنقیح کے بعد پاسپورٹس جاری کئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاسپورٹ کی اجرائی اور اس سے متعلق سرویسیس کی فراہمی پر 118 کروڑ روپئے کی آمدنی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ 7 سال میں ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 95 ملازمین پر مشتمل پاسپورٹ آفس اسٹاف کی مدد سے پاسپورٹ کی اجرائی عمل میں لائی گئی ۔ حیدرآباد پاسپورٹ آفس سے متعلق مزید تفصیلات بتاتے ہوئے مسٹر بالیا نے کہا کہ گزشتہ سال 4 پاسپورٹ میلہ کا انعقاد عمل میں لایا گیا اور پولیس کلیرنس سرٹیفکیٹ پی سی سی کیلئے بھی خصوصی میلہ کا انعقاد کیا گیا ۔ پاسپورٹ آفیسر سے راست طور پر ربط پیدا کرنے کیلئے ’’چیاٹ وتھ آر پی او‘‘ ہر منگل دوپہر 12 تا ایک بجے عوام کیلئے یہ سہولت فراہم کی گئی تھی جس کے تحت مختلف افراد آر پی او سے ربط پیدا کرتے ہوئے پاسپورٹ کی اجرائی کیلئے درپیش مشکلات اور اپنے مسائل سے واقف کروایا کرتے ۔ یکم جنوری سے /31 اکٹوبر تک پاسپورٹ آفس حیدرآباد میں مختلف پروگرامس بشمول سوچتا پکھواڑا ، وشواہندی دیوس ، آزادی کا امرتھ مہتسو ، بین الاقوامی یوم یوگا ، پاسپورٹ سیوا دیوس ، ہر گھر ترنگا مہم ، اکم واک ، ہندی پکھواڑہ ، سوچتا پدیاترا ، سائبر جاگروتی دیوس ، راشٹریہ یکتا دیوس ، ویجیلینس شعور بیداری پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ پاسپورٹ آفیسر داسری بالیا نے بتایا کہ 3 پاسپورٹ ایجنٹس کے خلاف مقدمات بھی درج کئے گئے تھے جو عوام کو دھوکہ دیتے ہوئے پاسپورٹ درخواستوں کے ادخال کیلئے زیادہ روپئے کا مطالبہ کررہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ 2022 ء میں مملکتی وزیر ڈاکٹر ایس جئے شنکر اور مرکزی وزارت خارجہ کے سکریٹری ڈاکٹر اوصاف سعید نے پاسپورٹ آفس کا دورہ کیا تھا اور مختلف پروگرامس میں شرکت کی۔