گیلیریز ترقی دینے اور تعلیمی پروگراموں کے آغاز کی تجویز
حیدرآباد :18 اکٹوبر ( سیاست نیوز)گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے حیدرآباد کے تاریخی سالار جنگ میوزیم کو ترقی دینے کیلئے مختلف اقدامات کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے موجو دہ گیلیریز کو ترقی دینے کے علاوہ وزیٹرس کیلئے بہتر سہولتیں اور تعلیمی سرگرمیوں کا مشورہ دیا تاکہ طلبہ اور نوجوانوں کو راغب کیا جاسکے ۔ گورنر نے سالار جنگ میوزیم بورڈ کے اجلاس کی صدارت کی ۔ گورنر سالار جنگ میوزیم کے صدرنشین ہے اور اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا جس میں میوزیم کی ترقی ، انفراسٹرکچر سہولتیں اور تعلیمی پروگرامس کا آغاز شامل ہے ۔ اجلاس میں کیوریٹر رتیش شرما نے مختلف گیلیریز کو ترقی دینے کی تجاویز پیش کی جن میں کارپٹ گیلیری ، ماڈرن آرٹ گیلیری ، انڈین مینی کیور گیلیری ، فرنیچر گیلیری ، ٹکسٹائل گیلیری ، چلڈرنس گیلیری شامل ہیں ۔ انہوں نے میوزیکل کلاک کے علاقہ کو مزید ترقی دینے کی تجویز پیش کی ۔ گیلیریز میں موجود نوادرات کو بہتر انداز میں سمجھنے کیلئے تفصیلات کو شامل کیا جائے گا ۔ میوزیم میں فائر سیفٹی اور ڈائرکٹری بورڈ کو آویزاں کرنے جیسے اُمور پر بات چیت کی گئی ۔ میوزیم کیلئے سنٹرلائزڈ ایرکنڈیشننگ ، وزیٹرس کیلئے بہتر سہولتیں ، چھت کو واٹر پروف بنانا اور میوزیم کے گیسٹ ہاؤز کی تزائن نو کی فیصلہ کیا گیا ۔ میوزیم کی ترقی کیلئے ماسٹر پلان تیار کیا جائے گا ۔ گورنر نے کہا کہ میوزیم صرف ماضی کی یادوں پر مشتمل مرکز نہیں بلکہ تاریخ اور دیگر شعبہ جات میں طلبہ اور نوجوانوں کیلئے سیکھنے کا مرکز ہوتا ہے ۔ انہوں نے نوادرات اور اہم کلکشن کے تحفظ کیلئے اقدامات کی ہدایت دی ۔ کیوریٹر ایجوکیشن جیوتی رائے نے میوزیم کی جانب سے تعلیمی پروگراموں کی تفصیلات سے واقف کرایا ۔ اس سلسلہ میں پریزنٹیشن دیا گیا ۔ 1/S