سانتی کماری نے چیف سکریٹری کا جائزہ حاصل کرلیا

   

تلنگانہ کی پہلی خاتون چیف سکریٹری، چیف منسٹر سے ملاقات اور اظہار تشکر

حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے شریمتی اے سانتی کماری کو ریاست کا نیا چیف سکریٹری مقرر کیا ہے۔ ہائی کورٹ کی جانب سے سومیش کمار کے خلاف فیصلہ اور مرکزی حکومت کے احکامات کے فوری بعد حکومت نے 1989 آئی اے ایس بیاچ سے تعلق رکھنے والی شریمتی اے سانتی کماری کو چیف سکریٹری مقرر کیا ہے۔ حکومت کے احکامات کے فوری بعد سانتی کماری نے پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور اہم عہدہ پر تقرر کیلئے اظہار تشکر کیا۔ چیف منسٹر نے سانتی کماری کی بہتر کارکردگی کیلئے نیک توقعات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ حکومت کی اسکیمات پر موثر عمل آوری میں کامیاب رہیں گی۔ شریمتی سانتی کماری کا شمار غیر متنازعہ اور راست باز عہدیداروں میں ہوتا ہے۔ اگرچہ چیف سکریٹری کے عہدہ کی دوڑ میں اسپیشل چیف سکریٹریز رام کرشنا راؤ اور اروند کمار شامل تھے لیکن چیف منسٹر نے خاتون عہدیدار کو ریاست کے اہم ترین عہدہ پر فائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ تلنگانہ کی پہلی خاتون چیف سکریٹری کا اعزاز حاصل کرچکی ہیں۔وہ سابق میں چیف منسٹر کے دفتر میں چار برسوں تک پرنسپل سکریٹری، ٹی ایس آئی پاس میں نمایاں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ جائزہ حاصل کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے سانتی کماری نے کہا کہ چیف منسٹر نے ان پر جو اہم ذمہ داری عائد کی ہے اس کے لئے وہ اظہار تشکر کرتے ہیں۔ چیف منسٹر نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے ریاست کی ترقی میں حتی المقدور مساعی کروں گی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے فلیگ شپ پروگراموں کے علاوہ ترقیاتی اور فلاحی اسکیمات پر عمل آوری اولین ترجیح ہوگی۔ ساتھی عہدیداروں اور عوامی نمائندوں کے تعاون سے وہ اسکیمات پر عمل کریں گی۔ شریمتی سانتی کماری اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ جنگلات کے عہدہ پر فائز تھیں۔ انہوں نے ایم ایس سی مرین بیالوجی اور امریکہ سے ایم بی اے کی تکمیل کی۔ تین دہوں تک انہیں اہم شعبہ جات میں کارکردگی کا تجربہ حاصل ہے جن میں غربت کا خاتمہ، تعلیم، صحت، اِسکل ڈیولپمنٹ اور جنگلات شامل ہیں۔ وہ دو برسوں تک اقوام متحدہ ڈیولپمنٹ پروگرام میں خدمات انجام دے چکی ہیں۔ اسی دوران ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار اور صدرنشین تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے نئے چیف سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ر