سب انسپکٹران پولیس کے تقررات کیلئے نتائج کااعلان

   

عنقریب امیدواروں کا میڈیکل ٹسٹ، ٹی ایس پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ
حیدرآباد ۔ 14 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی پولیس رکروٹمنٹ بورڈ نے بالآخر سب انسپکٹران پولیس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے منتخبہ امیدواروں کی فہرست جاری کی ہے جملہ 1272 سب انسپکٹران پولیس کی مخلوعہ جائیدادیں ہیں۔ پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ منتخبہ امیدواروں میں سیول سب انسپکٹر آف پولیس کی جائیدادوں پر 710 آرمڈ ریزرو سب انسپکٹر پولیس کی جائیدادوں پر 275 تلنگانہ اسٹیٹ اسپیشل پولیس سب انسپکٹر پولیس کی جائیدادوں پر 175 آئی ٹی اے ایس آفیسر کی جائیدادوں پر 29 اور فنگر پرنٹ شعبہ میں 26 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے امیدواروں کا انتخاب کیا گیا۔ مختلف سب انسپکٹران پولیس کی مخلوعہ جائیدادوں پر منتخبہ امیدواروں میں 992 مرد اور 280 خاتون سب انسپکٹران پولیس ہیں۔ سب انسپکٹران پولیس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے منتخبہ امیدواروں کی فہرست ریاستی پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کی ویب سائیٹ پر رکھ دی گئی ہے اور منتخبہ امیدواروں کیلئے بہت جلد میڈیکل ٹسٹ منعقد کرتے ہوئے میڈیکل ٹسٹس کی تکمیل کے فوری بعد احکامات تقررات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسی ذرائع کے مطابق ہیکہ سب انسپکٹران پولیس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کیلئے جاری کردہ قطعی امیدواروں کی فہرست کے تعلق سے اگر کسی کو کوئی نوعیت کے اعتراضات پائے جائیں تو مقررہ فیس کی ادائیگی کے ذریعہ پائے جانے والے اعتراضات اور شکوک و شبہات کو دور کیا جاسکتا ہے۔ ریاستی پولیس رکروٹمنٹ بورڈ کے مطابق بتایا جاتا ہیکہ قطعی امیدواروں کی فہرست جاری کرنے میں بہت ہی احتیاط برتا گیا ہے اور کسی کو کوئی شکوک و شبہات رکھنے کی گنجائش فراہم نہیں کی گئی ہے۔