حیدرآباد۔/5فروری،( سیاست نیوز) دریائے کرشنا سے 6 ٹی ایم سی پانی کی اجرائی کے مسئلہ پر چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا سے ملاقات کیلئے وزیر اکسائیز جوپلی کرشنا راؤ کی قیادت میں ایک وفد بنگلور روانہ ہوا۔ سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار، ارکان اسمبلی بی کرشنا موہن ریڈی، مدھو سدھن ریڈی، بی سری ہری بھی بنگلور روانہ ہوئے۔ یہ قائدین چیف منسٹر کرناٹک سے ملاقات کرتے ہوئے متحدہ تنگبھدرا ندی کے لئے ایک ٹیم ایم سی اور کرشنا ندی سے 5 ٹی ایم سی پانی کی اجرائی کی اپیل کریں گے۔ متحدہ محبوب نگر ضلع میں آبپاشی اور پینے کے پانی کی ضروریات کی تکمیل کیلئے پانی کی اجرائی سے فائدہ ہوگا۔ عالم پور آر ڈی ایس آیاکٹ سے تعلق رکھنے والے کسان مسائل کا شکار ہیں۔ تمام قائدین کا تعلق متحدہ محبوب نگر ضلع سے ہے اور کرناٹک میں کانگریس حکومت سے انہیں مثبت ردعمل کی امید ہے۔1