سرحدوں کی حفاظت سے عوام کے آبی اور غذائی حقوق کا تحفظ: اتم کمار ریڈی

   

محاذ تبدیل لیکن ذ مہ داری برقرار، زی میڈیا کے بھارت کانکلیو سے ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد۔17۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ان کے لئے محاذ تبدیل ضرور ہوا ہے لیکن ذمہ داریاں تبدیل نہیں ہوئی ۔ فوجی سپاہی کے رول میں ہندوستان کی سرحدوں کی حفاظت سے ذمہ داری کا آغاز ہوا اور ایک سیاست داں اور وزیر کی حیثیت سے تلنگانہ میں آبی حقوق اور عوام کے لئے غذائی ضروریات کے تحفظ میں مصروف ہیں۔ اتم کمار ریڈی زی میڈیا کی جانب سے منعقدہ آرکیٹکٹس آف وکست بھارت کانکلیو سے خطاب کر رہے تھے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ان کی زندگی کا مشن تبدیل ہوا ہے اور ایک فائٹر پائلٹ کے طور پر ہندوستانی سرحدوں کی حفاظت کرنے کے بعد آج عوام کی خدمت کرتے ہوئے تلنگانہ آبپاشی نظام اور فوڈ سیکوریٹی نیٹ ورک کو مستحکم کرنے کے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی فوج میں طویل عرصہ تک خدمات کے بعد وہ سیاستداں کی حیثیت سے مختلف چیلنجس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ وہ ابھی بھی خود کو محاذ پر تصور کرتے ہیں جو سرحدی محاذ نہیں بلکہ عوام کیلئے پانی اور غذا کے تحفظ کا محاذ ہے۔ جنگی طیارہ کے پائلٹ کے طور پر ہندوستان اور چین کے علاوہ ہندوستان اور پاکستان کی سرحد کی حفاظت کا کام انجام دیا۔ راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ کے سیکوریٹی آفیسر کے بعد عملی سیاست میں حصہ لیتے ہوئے عوامی خدمات میں مصروف ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے ہندوستانی فضائیہ سے اپنی دیرینہ وابستگی کا ذکر کیا اور کہا کہ وہ 15 سال کی عمر میں نیشنل ڈیفنس اکیڈیمی سے وابستہ ہوئے اور 18 سال میں اکیڈیمی سے گریجویشن کیا اور انڈین ایرفورس کے فائٹر پائلٹ بن گئے ۔ انہوں نے مگ 21 جنگی طیارے چین کی سرحد پر اڑائے ہیں۔ وہ سیاچن گلیشر میں فوجی کارروائیوں کا حصہ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایرفورس کے ایک حادثہ میں وہ ریڑھ کی ہڈی میں زخم کے ساتھ محفوظ رہے۔ وہ آر وینکٹ رمن اور شنکر دیال شرما کے ساتھ خدمات انجام دینے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے اسمبلی سے طویل وابستگی اور پردیش کانگریس کے صدر کی حیثیت سے اپنے تجربات بیان کئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جہاں آبپاشی کے شعبہ کا بجٹ 25 ہزار کروڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آبپاشی تو دوسری طرف عوامی نظام تقسیم کو بہتر بنانے کیلئے وہ مساعی کر رہے ہیں۔1/k/m/b