سردار محل کی ترقی و آہک پاشی اور مرمت کا اعلان

   


آرٹ گیلری، کیفے اینڈ اسٹوڈیوز بھی رہیں گے، پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق سے نقشہ کی اجرائی

حیدرآباد۔5۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) محکمہ بلدی نظم و نسق نے پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں سردار محل کی ترقی و آہک پاشی کے علاوہ مرمتی کاموں کا ایک مرتبہ پھر سے اعلان کیا ہے۔ پرنسپل سیکریٹری محکمہ بلدی نظم ونسق مسٹر اروند کمار نے سردار محل کی مرمت و تزئین نوکے سلسلہ میں جاری کئے گئے ایک نقشہ کے ساتھ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخی چارمینار کے دامن میںیہ مرکز سیاحوں کے لئے انتہائی دلچسپی کا باعث ہوگا کیونکہ سردار میں محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے آرٹس گیلری ‘ کیفے اینڈ اسٹوڈیوز کے علاوہ رہائش کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے دور حکومت میں سب سے پہلے ریاستی حکومت کی جانب سے سردار محل کو سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کااعلان کیا گیا تھا اور بعد ازاں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دوران حکومت میں بھی سردار محل کو فوڈ کورٹ میں تبدیل کرنے کے اقدامات کا اعلان کیا گیا تھا اور تشکیل تلنگانہ کے بعد متعدد مرتبہ سردار محل کی تزئین نو و مرمت کے علاوہ اس تاریخی محل کو آرٹ گیلری اور فورڈ کورٹ کے طرز پر ترقی دینے کے علاوہ حیدرآباد کے تہذیبی مرکز کے طور پر فروغ دینے کے اقدامات کی منصوبہ بندی کے سلسلہ میں اعلانات کئے گئے لیکن گذشتہ یوم مسٹر اروند کمار نے ان اعلانات سے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے سردار محل کی تزئین و مرمت کے سلسلہ میں تیار کیا گیا ایک نقشہ بھی پیش کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق سردار محل کو محکمہ بلدی نظم و نسق نے قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے توسط سے ایک تہذیبی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے علاوہ اس مقام پر شہر حیدرآباد کی تاریخ سے متعلق تصویری نمائش اور تہذیبی پروگرامس کے لئے جگہ کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ مسٹر اروند کمار آئی اے ایس جو کہ تاریخی و تہذیبی ورثہ سے بے پناہ لگاؤ رکھتے ہیں وہ شہر حیدرآباد کی بیشتر تاریخی عمارتوں کے تحفظ اور ان کی تزئین نو کے اقدامات میں کلیدی کردار ادا کرچکے ہیں کے مطابق سردار محل تاریخی چارمینار کے بالکل قریب ہونے کے سبب سیاحوں کی اولین ترجیحات میں شامل ہوگا اور اگر اسے ایک بہترین مرکز کے طور پر فروغ دیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں سیاحوں کی جانب سے زیادہ سے زیادہ وقت پرانے شہر کے تاریخی عمارتوں کے مشاہدہ کیلئے صرف کرسکتے ہیں ۔