حاضری کو یقینی بنانے کی تجویز، اسکولس میں نئے سسٹم کے بعد نئی حکمت عملی
حیدرآباد۔21۔ڈسمبر(سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست تلنگانہ کے تمام اسکول اساتذہ کے لئے جیو اٹنڈینس نظام رائج کرنے کے بعد حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ جلد تمام سرکاری جونیئر کالجس کے طلبہ کیلئے بائیو میٹرک حاضری نظام کو روشناس کروایا جائے اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے کئے جانے والے ان اقدامات کے سلسلہ میں کہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت نے تلنگانہ کے تمام سرکاری کالجس میں بائیومیٹرک نظام حاضری کو روشناس کروانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ طلبہ کی حاضری میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ان کے معیار تعلیم کو بہتر بنایاجاسکے۔ بتایاجاتا ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکول میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ و غیر تدریسی عملہ کی حاضری کیلئے نئے نظام کو روشناس کروانے میں حاصل ہوئی کامیابی کے بعد حکومت نے جونیئر کالجس میں خدمات انجام دینے والے اساتذہ و غیر تدریسی عملہ کیلئے وہی نظام حاضری کے ساتھ ساتھ طلبہ کیلئے بائیو میٹرک نظام حاضری روشناس کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تلنگانہ کے سرکاری تعلیمی اداروں میں معیار تعلیم کو بہتر بنانے کیلئے اساتذہ و طلبہ کی حاضری کو یقینی بنانا لازمی ہے۔م
تلنگانہ اسٹیٹ بورڈآف انٹرمیڈیٹ کے عہدیدار جو اس منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے سلسلہ میں اقدامات کر رہے ہیں ان کا کہناہے کہ آئندہ سال کے آغاز سے ہی اس نظام کو متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کی جار ہی ہے تاکہ آئندہ تعلیمی سال سے معیار تعلیم کو بہتر بنانے میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ تدریسی و غیر تدریسی عملہ کا کہناہے کہ حاضری نظام کو بہتر بنانے سے ہی معیار تعلیم میں بہتری پیدا نہیں ہوگی بلکہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اساتذہ اور طلبہ کی حاضری کے ساتھ ساتھ انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں بھی اقدامات کرنے چاہئے تاکہ کالجس میں حاضری کے فیصد میں اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے۔