نمس میں عصری آلہ جات کا افتتاح، ڈائیلاسس پر سالانہ 100 کروڑ روپئے خرچ کرنے کا دعویٰ
حیدرآباد ۔ 17 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ کے سرکاری ہاسپٹلس میں کارپوریٹ طرز کی عوام کو طبی خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ بالخصوص ڈائیلاسس مریضوں کو مؤثر طبی خدمات فراہم کرنے کے معاملے میں ریاست تلنگانہ سارے ملک میں سرفہرست ہے۔ سنگل یوز فلٹر ڈائیلاسس سسٹم کو سرکاری دواخانوں میں متعارف کرایا گیا ہے۔ ماضی میں یہ سہولت صرف کارپوریٹ ہاسپٹلس میں ہوا کرتی تھی۔ نمس ہاسپٹلس کے نیورو شعبہ میں 2 کروڑ روپئے کے مصارف سے قائم کردہ عصری طبی آلہ جات کا افتتاح کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ڈاکٹرس ہمیشہ طلبہ ہی ہے نئی وجود میں آنے والی تبدیلیاں، عصری ٹکنالوجی کے بارے میں انہیں ہمیشہ معلومات حاصل کرنی پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہاسپٹلس میں آروگیا شری اسکیم کے تحت ایک روپیہ کے خرچ کے بغیر غریب عوام کو سنگل یوز فلٹر سسٹم کے ذریعہ ڈائیلاسس کی خدمات فراہم کی جارہی ہے۔ ہر دن 10 ہزار افراد کا ڈائیلاسس کیا جارہا ہے۔ ڈائیلاسس کے مریضوں کو مفت بس پاس، وظیفہ، مفت ادویات فراہم کئے جارہے ہیں۔ ڈائیلاسس کی خدمات پر حکومت ہر سال 100 کروڑ روپئے خرچ کررہی ہے۔ آروگیا شری اسکیم کے ذریعہ حکومت ہر سال غریب عوام کو کارپوریٹ طرز کی طبی خدمات فراہم کرنے کیلئے 1000 کروڑ وپئے خرچ کررہی ہے۔ ایمرجنسی طبی آلہ جات کی خریدی کیلئے 150 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ نمس ہاسپٹل میں گردے کی پیوندکاری کی جارہی ہے۔ ہریش راؤ نے نمس ہاسپٹل کی ترقی کیلئے مزید بڑے پیمانے پر اقدامات کرنے کا وعدہ کیا۔ ہاسپٹل کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے کا اعلان کیا۔ن