سرینگر ہوائی اڈے پر کارگو آپریشنز شروع

   

سرینگر: سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر زائد از 14 کروڑ روپیوں کی لاگت سے تعمیرہونے والے نئے ڈومیسٹک کارگو کامپلکس سے منگل کے روز کارگو آپریشنز شروع کئے گئے ۔ ائیر پورٹ کے ڈائریکٹر کلدیپ سنگھ نے کہا کہ یہ مسافروں اور دیگر متعلقین کے لئے بہتر سے بہتر خدمات فراہم کرنے کی ہماری کوششوں کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نئے کمپلیکس میں کولڈ اسٹوریج، حساس و خطرناک سامان رکھنے کا بھی انتظام ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کارگو کی اسکریننگ کے لئے دو ایکسرے مشینیں بھی رکھی ہیں اور کارگو کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پورے کامپلکس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ موصوف ڈائریکٹر نے کہا کہ ہمارا اپنا عملہ کامپلکس کے انتظام و انصرام کی نگرانی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سری نگر ہوائی اڈے کے کیچمنٹ علاقے کے کارگو بر آمد کنند گان اور در آمد کنندگان کو بہتر خدمات و سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔