سسودیا کے گھر پر دھاوے کے بعد 12 آئی اے ایس عہدیدارو ںکا تبادلہ

   

نئی دہلی: ایکسائز پالیسی میں مبینہ بے ضابطگیوں کو لے کر نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کی رہائش گاہ پر سی بی آئی کے دھاوے کے چند گھنٹے بعد جمعہ کے روز 12 آئی اے ایس افسران کے تبادلہ کر دیئے گئے۔ دہلی حکومت کے سروسز محکمہ کے ذریعہ جاری کردہ ٹرانسفر آرڈر کے مطابق جن لوگوں کا تبادلہ کیا گیا ہے ان میں صحت اور خاندانی بہبود کے محکمہ کے اسپیشل سکریٹری اْدت پرکاش رائے بھی شامل ہیں۔سال 2007 بیاچ کے آئی اے ایس افسر اْدت پرکاش رائے محکمہ صحت اور خاندانی بہبود میں خصوصی سکریٹری ہیں اور لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے حال ہی میں وزارت داخلہ سے ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی تھی۔ ادت پرکاش پر ایگزیکٹیو انجینئر کو غیر منصفانہ طور پر فائدہ پہنچانے کے عوض 50 لاکھ روپے بطور رشوت حاصل کرنے کا الزام ہے۔ میڈیاکے مطابق ادت پرکاش رائے کے علاوہ جن آئی اے ایس افسران کے تبادلے کیے گئے ہیں ان میں جتیندر نارائن، وویک پانڈے، گریما گپتا، شوربیر سنگھ، آشیش ایم مور، وجیندر سنگھ راوت، کرشن کمار، کلیان سہائے مینا، سونل سوروپ، ہیمنت کمار اور انیل کمار سنگھ جیسے کئی بڑے نام شامل ہیں۔سکریٹری انتظامی اصلاحات کے طور پر تعینات آئی اے ایس آفیسر وویک پانڈے کو آئی ٹی کا سکریٹری مقرر کیا گیا ہے اور انہیں ایم ڈی (جی ایس ڈی ایل) اور ڈائریکٹر (یو ٹی سی ایس) کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔