سعودی اور کویتی وزراء کی دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

   

ریاض ؍ کویت سٹی ۔ 30 اکٹوبر (ایجنسیز) سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کی جمعرات کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سعودی وزیرِ توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان نے ریاض میں کویتی وزیرِ خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ملاقات کی۔وزراء نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور توانائی، صنعت اور معدنی وسائل کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے توانائی کی سلامتی مضبوط کرنے اور اس کی مستحکم فراہمی یقینی بنانے کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی بات کی۔دونوں وزراء کے درمیان خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت اور سعودی۔کویت مشترکہ مفادات کے تناظر میں باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور بھی زیربحث آئے۔