سفید فام بالادستی زہر ہے ، امریکہ میں کوئی جگہ نہیں ، جوبائیڈن

   

واشنگٹن : امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ سفید فام بالادستی کا نظریہ ایک زہر ہے ،جس کی امریکہ میں کوئی جگہ نہیںہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کے شہر بفیلو میں سفید فام نسل پرست کی اندھند فائرنگ میں ہلاک ہونے والے 10 افراد کے لواحقین اور متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا کہ میں وعدہ کرتا ہوں کہ امریکا میں نسل پرستی جیسی برائی کو پنپنے نہیں دوں گا۔یاد رہے کہ 15 مئی کو نیویارک کے شہر بفیلو کی سوپر مارکیٹ میں 18سالہ سفید فام نوجوان نے مارکیٹ میں اندھا دھند فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 10 سیاہ فام ہلاک ہوگئے تھے۔ گرفتاری کے بعد اعترافی بیان میں حملہ آور نوجوان نے خود کو شدت پسند سفید فام قرار دیا تھا۔ بائیڈن نے صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران گن کنٹرول کے لیے قانون سازی کا وعدہ کیا تھا،تاہم وہ اس میں بری طرح ناکام رہے ہیں۔ ان کی کوشش تھی کہ وہ بندوق پر کنٹرول کے لیے قانون سازی کریں گے ، تاہم کانگریس میں ریپبلکن قانون ساز رکاوٹ بنے ہوئے ہیں۔