نئی دہلی: سینئر صحافی، مترجم و شاعر سلیم شیرازی کی شخصیت و خدمات کے تجزیوں پر مشتمل مضامین کے مجموعے ‘ ہفت پہلوسلیم شیرازی’ کا آج کونسل کے ڈائرکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد اور دیگر شخصیات کے ہاتھوں اجرا عمل میں آیا ۔ اس کا اہتمام قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان نے کیا تھا ۔اس موقع پروفیسر شیخ عقیل احمد نے کہا کہ سلیم شیرازی کو میں عرصہَ دراز سے جانتا ہوں ،وہ ایک ہمہ جہت شخصیت کے حامل ہیں ، انھوں نے اردو صحافت، ترجمہ،فکشن اور شاعری تمام شعبوں میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ سلیم شیرازی چونکہ بہ یک وقت کئی زبانوں پر دسترس رکھتے ہیں اس لیے ان کا مطالعہ بھی وسیع اور متنوع ہے اور اس کا اظہار ان کی تخلیقات سے بھی ہوتا ہے ۔شیخ عقیل نے اس کتاب کی اشاعت پر سلیم شیرازی اور کتاب کے مرتبین عبدالواحد ہاشمی و نفیس الرحمان سیوہاروی کو دلی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ مجھے امید ہے کہ اس کتاب سے سلیم شیرازی کی شخصیت اور فکر و فن کو سمجھنے میں بڑی مدد ملے گی ۔