سندیش کھالی کیس کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے

   

کولکاتہ : مغربی بنگال کے سندیش کھالی میں جاری ہنگامہ ہنوز جاری ہے۔ سیاسی لیڈران کی لگاتار بیان بازیوں سے حالات کی کشیدگی کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ اس درمیان کلکتہ ہائی کورٹ نے سندیش کھالی میں خواتین پر ہوئے مظالم اور زمین پر قبضہ کرنے سے متعلق الزامات کی جانچ سی بی آئی کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ جمعرات کو ہائی کورٹ نے سندیش کھالی کے واقعات پر ریاستی حکومت کو پھٹکار لگائی تھی۔ عدالت نے سندیش کھالی میں تشدد کے خلاف داخل عرضیوں پر سماعت کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ بے حد شرمناک ہے۔ یہ ریاستی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ہر شہری کو سیکورٹی فراہم کرے۔ عدالت نے ساتھ ہی یہ بھی کہا تھا کہ سندیش کھالی معاملے میں ضلع انتظامیہ اور مغربی بنگال حکومت دونوں کو اخلاقی ذمہ داری لینی چاہیے۔واضح رہے کہ سندیش کھالی میں مقامی خواتین نے الزام عائد کیا تھا کہ مقامی ترنمول کانگریس لیڈران نے جبراً ان کی زمین پر قبضہ کر رکھا ہے۔ کچھ خواتین نے ترنمول کانگریس لیڈران پر عصمت دری کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔ سندیش کھالی معاملے کا کلیدی ملزم ترنمول کانگریس لیڈر شاہجہاں شیخ کو بتایا جا رہا ہے جو کہ ای ڈی ٹیم پر حملہ کا بھی ملزم ہے۔
ساتھ ہی بنگال کے راشن گھوٹالہ میں بھی اس کا نام لیا جا رہا ہے۔