حیدرآباد۔/20 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ منوگوڑ ضمنی انتخاب کے ریٹرننگ آفیسر کی عجلت پسندی میں تبدیلی اور انتخابی نشان روڈ رولر کی بحالی سے واضح ہوگیا ہے کہ الیکشن کمیشن بی جے پی کے دباؤ میں کام کررہاہے۔ سنٹرل الیکشن کمیشن کی کارکردگی پر کے ٹی آر نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ ایک جمہوری ادارہ سے بی جے پی اپنے اشاروں پر کام کروارہی ہے،ریٹرننگ آفیسر کی تبدیلی اس کی زندہ مثال ہے جس کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔ بی جے پی کا الیکشن کمیشن پر دباؤ جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ’ روڈ رولر ‘ انتخابی نشان کو بحال کرنے، ریٹرننگ آفیسر کو تبدیل کرنے کے واقعات قابل مذمت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2011 میں انتخابی نشان روڈ رولر کو معطل کردیا گیا تھا دوبارہ اسکو متعارف کرانا جمہوری اُصولوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ماضی میں ٹی آر ایس نے اپنے اعتراضات سے الیکشن کمیشن کو واقف کرایا تھا۔