سنکرانتی تعطیلات کیلئے بس اور ریلوے اسٹیشنوں پر مسافرین کا ہجوم

   

آؤٹر رنگ روڈ پر گاڑیوں کی قطاریں، فضائی پروازوں کی تعداد میں اضافہ
حیدرآباد۔13۔ جنوری (سیاست نیوز) سنکرانتی کی تعطیلات منانے کیلئے عوام اپنے آبائی مقامات کیلئے رواں دواں ہیں۔ شہر میں ریلوے اسٹیشنوں اور بس اسٹیشنوں پر ہجوم میں اضافہ ہوچکا ہے اور شہر کے باہر جانے والی تمام اہم شاہراہوں پر گاڑیوں کی اضافی تعداد کے سبب ٹریفک جام ہورہی ہے۔ سنکرانی میں لوگ اپنے آبائی مقامات پر تہوار منانے کو ترجیح دیتے ہیں اور یہ تلنگانہ عوام کیلئے اہم تہوار کے طورپر اہمیت رکھتا ہے۔ آر ٹی سی نے سنکرانتی تعطیلات میں خصوصی اضافی بسوںکا اہتمام کیا ہے۔ اہم روٹس پر 4000 سے زائد خصوصی بسیں چلائی جارہی ہیں ، باوجود اس کے اضلاع کو جانے والے مسافرین کی تعداد میں کوئی کمی نہیں آئی ۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے بھی سنکرانتی ہجوم سے نمٹنے کیلئے خصوصی ٹرینوں کا انتظام کیا ہے۔ زیادہ تر افراد اپنی گاڑیوں کے ذریعہ آبائی مقامات روانہ ہورہے ہیں جس کے نتیجہ میں ریاستی اور قومی شاہراہوں پر ٹریفک میں اضافہ ہوچکا ہے۔ آؤٹر رنگ روڈ پر صبح کی اولین ساعتوں میں ٹریفک جام دیکھی گئی۔ 158 کیلو میٹر طویل آؤٹر رنگ روڈ پر شہر کے مختلف علاقوں سے بڑی تعداد میں گاڑیوں کی آمد کے سبب طویل قطاریں دیکھی جارہی ہیں۔ شہر کے باہر موجود تمام ٹول گیٹس پر طویل قطاریں دیکھی گئیں تاکہ ٹول ٹیکس ادا کیا جائے۔ آن لائین ادائیگی کیلئے شروع کی گئی فاسٹ ٹیگ سرویس سے ٹول ٹیکس کی ادائیگی میں سہولت ہوئی ہے۔ ٹول گیٹس پر اضافی کاؤنٹرس قائم کئے گئے ہیں۔ آر ٹی سی حکام کا کہنا ہے کہ 17 اور 18 جنوری تک مسافرین کی تعداد میں اضافہ برقرار رہے گا۔ آر ٹی سی کے علاوہ خانگی بسوں اور ویانس کے ذریعہ بھی لوگ اپنے آبائی مقامات منتقل ہورہے ہیں۔ سکندرآباد جوبلی بس اسٹیشن اور گولی گوڑہ بس اسٹیشن پر مسافرین کو گھنٹوں بسوں کے انتظار میں دیکھا گیا۔ آر ٹی سی کی جانب سے مسافرین کی رہنمائی کیلئے خصوصی کاؤنٹرس قائم کئے گئے۔ اپل کراس روڈ ، ایل بی نگر ، آرام گڑھ اور کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کے قریب آر ٹی سی نے مسافرین کی سہولت کیلئے ٹینٹس کا انتظام کیا جہاں پینے کے پانی اور موبائیل ٹائلٹس کی سہولت فراہم کی گئی۔ مینجنگ ڈائرکٹر آر ٹی سی وی سی سجنار نے کہا کہ عوام کی سہولت کیلئے 4233 خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے ۔ مسافرین کے واپسی کا ٹکٹ لینے پر 10 فیصد ڈسکاؤنٹ کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ فضائی سرویسز میں بھی سنکرانتی کے دوران اضافہ کیا جارہا ہے۔ تعطیلات کے دوران دیگر ریاستوں کے ملازمین اور طلبہ فلائیٹ کے ذریعہ اپنے وطن واپس ہورہے ہیں۔ر