سنکرانتی تہوارکے دوران آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کا انتظام

   

آندھراپردیش کے علاوہ پڑوسی ریاستوں کیلئے اسپیشل سرویس
حیدرآباد: سنکرانتی کے دوران عوام کی سہولت اور اضافی مسافرین پر قابو پانے کیلئے آر ٹی سی نے 1800 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ حیدرآباد سے یہ بسیں تلنگانہ کے مختلف علاقوں کے علاوہ آندھراپردیش کے اضلاع کو چلائی جائیںگی۔ 8 تا 13 جنوری خصوصی بسوں کے ذریعہ سنکرانتی تہوار کے مسافرین کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مسافرین کی تعداد کو دیکھتے ہوئے بسوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ خصوصی بسیں مہاتما گاندھی بس اسٹیشن ، جوبلی بس اسٹیشن ، سی بی ایس ، اپل اور ایل بی نگر سے چلائی جائیں گی۔ مہاراشٹرا ، ٹاملناڈو اور کرناٹک کیلئے 1200 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ آر ٹی سی کی معمول کی خدمات برقرار رہیں گی۔ فیسٹول چارجس معمول کے چارجس سے دیڑھ گنا زیادہ رہیں گے۔ اسی دوران آندھراپردیش روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے 8 تا 13 جنوری سنکرانتی کیلئے 3607 خصوصی بسیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اگزیکیٹیو ڈائرکٹر کے ایس برہمانند ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد ، وجئے واڑہ ، وشاکھاپٹنم ، بنگلور اور چینائی کو یہ بسیں چلائی جائیں گی۔ تمام بسوں کا آغاز وجئے واڑہ سے ہوگا۔ تلنگانہ میں 1251 بسیں چلائی جائیں گی جبکہ بنگلور کیلئے 433 اور چینائی کیلئے 133 بسیں چلائی جائیں گی۔