تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے کٹوائی سے عین قبل فصل تباہ کردی، کسان پریشان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ کے بعض اضلاع میں گزشتہ دو دنوں سے غیر موسمی موسلادھار بارش اور ژالہ باری نے آم کی فصل کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ سنگا ریڈی جو آم کے لئے دنیا بھر میں شہرت رکھتا ہے ، وہاں غیر موسمی بارش نے کسانوں کو کافی نقصان پہنچایا ہے ۔ ایسے وقت جبکہ آم کا سیزن شروع ہونے کو ہے لیکن غیر موسمی بارش نے کسانوں کی امیدوں پر پانی پھیردیا ہے ۔ سنگا ریڈی ضلع کے کسان تقریباً 16000 ایکر پر آم کے درخت لگاتے ہیں۔ خاص طور پر ظہیر آباد ، نارائن کھیڑ اور دیگر علاقوں میں آم کی فصل تیار تھی لیکن اچانک بارش نے فصل کو تباہ کردیا ۔ محکمہ موسمیات نے مزید تین دن تک بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کے نتیجہ میں کسان مزید نقصانات کے اندیشہ سے پریشان ہیں۔ آم کے ایک تاجر محمد عارف جنہوں نے ظہیرآباد میں 38 ایکر پر درخت لگائے تھے، انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑا ۔ ان کا کہنا ہے کہ فصل کی کٹوائی کے عین موقع پر بارش نے تباہی مچادی ۔ ایک اور کسان سبھاش ریڈی نے حکومت سے فصلوں کے نقصانات پر امداد کا مطالبہ کیا۔ ہفتہ اور اتوار کے دن ضلع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش نے فصلوں کو نقصان پہنچایا۔ اگریکلچر ایکسٹینشن آفیسر پردیپ کمار نے ظہیر آباد کے کئی علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے تباہ شدہ آم کی فصلوں کا معائنہ کیا۔ واضح رہے کہ نہ صرف حیدرآباد بلکہ ملک کے دیگر علاقوں سے آم کے شوقین سنگا ریڈی کا رخ کرتے ہیں۔ وہاں کے آم دنیا کے کئی ممالک برآمد کئے جاتے ہیں۔ 1