سنگاریڈی میں جمعرات کو عرس عرفانی و کل ہند مشاعرہ

   

تبریز رانا لکھنؤ، سید معین ادیب ا مراوتی، شکیل عارفی فرخ آباد اور دیگر مشہور شعراء مدعو
اردو کی ترقی و ترویج میں خانقاہوں کا کلیدی کردار : حضرت حکیم عمر بن احمد عرفانی
سنگاریڈی 29 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی میں عرس عرفانی کل ہند مشاعرہ یکم اکٹوبر کو احاطہ بارگاہ عرفانی چاوش باغ سنگاریڈی میں منعقد ہوگا جس میں ملک کے نامور شعرء کرام شرکت کریں گے۔ حضرت حکیم عمر بن احمد حبیب فیض علی شاہ عرفانی بندہ نوازی چشتی سجادہ نشین بارگاہ عرفانی ؒنے کہا کہ اردو زبان کی ارتقاء، نشو نماء اور ترقی و ترویج میں خانقاہوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ بزرگوں کی اسی روایت پر خانقاہ عرفانی چاوش باغ سنگاریڈی بھی گامزن اور عرس شریف کے موقع پر گزشتہ 15 سال سے مشاعرہ منعقد کیا جا رہا ہے ۔ مشاعرہ کا شمار علاقہ کے مشہور مشاعروں میں ہوتا ہے اور ادب نواز دوست دور دراز مقامات سے آکر شرکت کرتے ہیں۔ اس مرتبہ عرس عرفانی کل ہند مشاعرہ یکم اکٹوبر کو شب ٹھیک 9 بجے سے احاطہ درگاہ شریف حضرت عرفانیؒ چاوش باغ سنگاریڈی میں منعقد ہوگا۔ مشاعرہ میں تبریز رانا لکھنو، شکیل عارفی فرخ آباد یو پی، ارشاد انجم ( ناظم مشاعرہ) سید معین ادیب علیمی امراوتی، ٹپیکل جگتیالی، صابر بسمت نگری، جمیل ساحر مالیگاوں، ڈاکٹر رضی شطاری نظام آباد، شکیل ظہیرآبادی، سعد اللہ خان سبیل حیدرآباد اور فیاض علی سکندر سداسیو پیٹ شرکت کرتے ہوئے اپنا کلام پیش کریں گے۔ عرس عرفانی کے دو روزہ عرس شریف تقاریب 18 اور 19 ربیع الثانی مطابق یکم اور دو اکٹوبر کو درگاہ شریف میں حضرت سجادہ نشین کی راست نگرانی میں منعقد ہوں گے۔ یکم اکٹوبر بروز جمعرات بعد نماز عصر جامع مسجد سنگاریڈی جلوس صندل برآمد ہوگا جو شہر کے مختلف راستوں سے گذر کر درگاہ شریف پہنچیگا۔ بعد نماز مغرب صندل پیش کیا جائگا۔ حسب روایت شب 9 بجے سے عرس عرفانی کل ہند مشاعرہ منعقد ہوگا۔ مختلف شعبہ حیات میں نمایاں کارکردگی انجام دینے والے شخصیات کو تہنیت پیش کی جائے گی۔ دوسرے دن یعنی 2 اکٹوبر کو بعد نماز مغرب چراغاں اور بعد نماز عشاء محفل سماع منعقد ہوگی جس میں معروف قوال صوفیانہ کلام پیش کریں گے۔ عرس شریف میں تلنگانہ، آندھرا پردیش، مہاراشٹرا اور کرناٹک کے مختلف اضلاع سے مریدین، معتقدین اور محبان شرکت کریں گے۔ محمد غوث عرفانی صدر ، شیخ خلیل احمد نائب صدر عرس عرفانی کمیٹی اور اراکین عرس عرفانی کمیٹی و مریدین عرس شریف کے انتظامات کر رہے ہیں۔ عرس عرفانی کمیٹی نے محبان اولیاء اللہ اور محبان اردو ادب سے عرس شریف تقاریب اور عرفانی کل ہند مشاعرہ میں شرکت کی خواہش کی ہے۔