حیدرآباد 28 فروری(یواین آئی) تلنگانہ کے ضلع سوریا پیٹ میں پیش آئے سڑک حادثہ میں تین افراد خواتین موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں اور تقریباً 9 افراد زخمی ہوگئے ۔یہ حادثہ ضلع کے موتے علاقہ میں اُس وقت پیش آیا جب آٹو اور بس کا تصادم ہوگیا۔اس حادثہ کے وقت آٹو میں 13افراد سوارتھے ۔ حادثہ کا سبب بننے والی بس مدھیراڈپو کی ہے ۔آٹومیں سوار مزدوروں کا تعلق سوریاپیٹ ضلع کے موتے منڈل سے تھا۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے زخمیوں کو علاج کے لئے ہاسپٹل منتقل کردیا۔اس حادثہ کے بعد علاقہ میں کچھ دیر تک ٹریفک جام رہی ، تاہم پولیس نے ٹریفک کو بحال کردیا۔ حادثہ کی اطلاع ملنے پر مہلوکین کے گھروں میں کہرام مچ گیا۔ پولیس ضلع کے موتے علاقہ میں پیش آئے اس حادثہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔