سونم وانگ چک کی گر فتاری کیخلاف سپریم کورٹ میں آج سماعت

   

نئی دہلی ۔5؍اکتوبر ( ایجنسیز )سپریم کورٹ لیہہ تشدد کے الزام میں نیشنل سیکورٹی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت گرفتار ماحولیاتی کارکن سونم وانگ چک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو کی درخواست پر پیر 6 اکتوبر کو سماعت کرے گا۔ گیتانجلی انگمو کی طرف سے ان کے شوہر سونم وانگ چک کی حراست کے خلاف دائر درخواست داخل کی گئی ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق، جسٹس اروند کمار اور جسٹس این وی انجاریا کی بنچ اس کیس کی سماعت کرے گی جس میں ماحولیاتی کارکن سونم وانگ چک کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ لیہہ پولیس نے سابق تعلیمی اور موسمیاتی کارکن سونم وانگ چک کو جمعہ 26 ستمبر کو لیہہ، لداخ میں 24 ستمبر کو پرتشدد مظاہروں کے دو دن بعد حراست میں لیا تھا۔ اس کے بعد انہیں راجستھان کے جودھ پور کی جیل میں منتقل کر دیا گیا۔ ان کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔لداخ کے حکام نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک پر لیہہ میں تشدد بھڑکانے کا الزام لگایا۔ سونم وانگچک لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ دینے اور آئین کے چھٹے شیڈول میں شامل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال پر تھے۔ ان کے احتجاج میں لداخ کے نوجوان بھی شامل ہوئے۔ تاہم 24 ستمبر 2025 کو نوجوان مظاہرین کا ایک گروپ پرامن مظاہرے سے الگ ہو گیا اور پرتشدد سرگرمیوں میں مصروف ہو گیا۔