کتاب سے پلکوں کے چراغوں کو فروزاں کرلو
دور تک راہِ تمنا میں اندھیرا ہوگا
کانگریس پارلیمانی پارٹی کی سربراہ سونیا گاندھی کی کتاب Belonging کے اقباسات منظر عام پر آنے لگے ہیں۔ اس کتاب سے قبل سونیا گاندھی نے مختلف میڈیا اداروں کو انٹرویوز دیتے ہوئے اس تعلق سے تبصرے بھی کے تھے اور ان کا بھی چرچہ ہوا تھا ۔ اب جبکہ کتاب کے اقتباسات منظر عام پر آ رہے ہیں تو اس میں کئی پہلووں کا احاطہ ہے ۔ زندگی کے ایسے پہلو بھی سونیا گاندھی نے اس کتاب میں قلمبند کئے ہیں جن کا پہلے کہیں کوئی تدکرہ نہیں تھا ۔ انہوں نے ہندوستان کے صف اول کے سیاسی خاندان سے اپنے تعلق ‘ راجیو گاندھی سے محبت ‘ پھر شادی ‘ ہندوستان آمد کے علاوہ گھریلو زندگی کے مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی ہے ۔ انہوں نے ‘ کہا جا رہا ہے کہ ‘ اس کتاب میں تمام پہلووں پر کھل کر اظہار خیال کیا ہے اور اپنی رائے بھی پیش کی ہے ۔ یہ ایسے پہلو ہوسکتے ہیں جن کا شائد پہلے کبھی اور کہیں تذکرہ نہیں کیا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ سونیا گاندھی کی جانب سے اس کتاب میں ملک کی سیاست کے بھی مختلف پہلووں پر روشنی ڈالی ہے ۔ سابق صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی کے ساتھ سیاسی وابستگی ‘ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی مثالی کارکردگی ‘ ان کی صلاحیتوں اور تجربہ کے علاوہ موجودہ وزیر اعظم نریندر مودی کے طرز عمل ‘ ان کے اقتدار کے دوران اختیار کی جانے والی حکمت عملی ‘ سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو سیاست سے دور رہنے کی تلقین ‘ اپنے فرزند راہول گاندھی کو سیاست میںحصہ لینے کیلئے حوصلہ افزائی ‘ اپنی دیورانی ‘ چھوٹی بہو ‘ منیکا گاندھی سے تعلقات کی خرابی ‘ بیرونی مہمانوں سے اس طویل سیاسی سفر کے دوران ملاقات ‘ ان کے طرز عمل اور رویوں کے تعلق سے بھی اس کتاب میں سونیا گاندھی نے اپنے تجربات کو قلمبند کیا ہے ۔ یہ امید کی جا رہی ہے کہ اس کتاب سے ہندوستانی سیاست کے کئی پہلووں سے واقفیت ہوسکتی ہے اور شائد اس پر مباحث بھی شروع ہوجائیں اور کچھ لوگ اس تعلق سے تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش بھی کرسکتے ہیں۔ اس کے اشارے ابھی سے ملنے شروع ہوگئے ہیں۔
سونیا گاندھی نے جو جذبات اور احساسات ظاہر کئے ہیں اور جو تجربات بیان کئے ہیں یہ ان کی اپنی شخصی رائے ہے اور انہیں اپنی رائے کے اظہار کا پورا حق اور اختیار حاصل ہے ۔ ہوسکتا ہے کہ کچھ لوگوں کو اس سے اختلاف بھی ہو اور ایسا ہونا ایک فطری بات بھی ہے ۔ تاہم یہ بات ضرور کہی جاسکتی ہے کہ شخصی رائے کے اظہار اور کتاب میں اپنے تجربات اور احساسات کو قلمبند کرنے پر کوئی مسئلہ یا تنازعہ پیدا کرنے سے سبھی کو گریز کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ سونیا گاندھی کا ہندوستان میں سفر آزمائشوں سے بھر پور رہا ہے ۔ ہندوستان کے صف اول کے خاندان کا حصہ رہنے ‘ بعد میں اس کی باگ ڈور سنبھالنے ‘ ہندوستانی سیاست کے اتار چڑھاو کا بذات خود تجربہ کرنے ‘ سیاسی مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنے جیسے امور کو انہوں نے اپنے انداز میںپیش کیا ہے اور اس پر کسی طرح کا مسئلہ پیدا کرنے سے سبھی کو گریز کرنے کی ضرورت ہے ۔ پہلے ان حالات اور عوامل کو سمجھنے کی ضرورت ہوگی جن کے تحت ان واقعات اور تجربات کو پیش کیا گیا ہے ۔ پھر ان حالات کو سمجھنا چاہئے جن میں یہ واقعات رونما ہوئے تھے ۔ سب سے پہلے انسانی ہمدردی کے جذبہ سے ان اقتباسات ہی نہیں بلکہ ساری کتاب کے مطالعہ کی ضرورت ہے ۔ اس کے بعد اگر کوئی شخصی طور پر اگر کوئی رائے پیش کرنا چاہے تو کر بھی سکتا ہے تاہم اس کے تعلق سے کوئی تنازعہ پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی جانی چاہئے ۔
ہندوستانی سیاست کا آج جو حال ہے وہ سب پر واضح ہے کہ ہر مسئلہ سے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوششیں ہوتی ہیں۔ مخالفین کو نیچا دکھانے کی کوشش ہوتی ہے اور کسی کے شخصی تجربات ‘ جذبات اور احساسات کی کوئی قدر نہیں کی جاتی ۔ یہ روش اور روایت ہماری سیاست کو پراگندہ کرنے میں اہم رول ادا کر رہی ہے ۔ تاہم اس روش کو صحتمند نہیں کہا جاسکتا اور اس سے اجتناب کرنے کی ضرورت ہے ۔ اس کتاب کا مثبت سوچ کے ساتھ مطالعہ کرتے ہوئے ایک شخصیت اور اس کے تجربات کو سمجھنے کی ضرورت ہے ۔