سپریم کورٹ میں آج ڈی ناگیندر کی درخواست کی سماعت

   

حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) چیف جسٹس سپریم کورٹ سوریہ کانت کی زیرقیادت بنچ کل 23 ستمبر کو ڈی ناگیندر کی درخواست کی سماعت کرے گا جس میں اُنھوں نے تلنگانہ ہائیکورٹ کے احکامات کو چیلنج کیا ہے۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائیکورٹ اپریش کمار سنگھ اور جسٹس جی ایم محی الدین پر مشتمل بنچ نے انحراف کے الزام پر ڈی ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیتے ہوئے خیریت آباد اسمبلی نشست کو مخلوعہ قرار دیا تھا۔ ڈی ناگیندر نے سپریم کورٹ کے نامور وکیل مکل روہتگی کے ذریعہ چیف جسٹس کے اجلاس پر خصوصی تذکرہ کے تحت درخواست کو پیش کیا۔ چیف جسٹس سوریہ کانت نے چہارشنبہ کے دن سماعت سے اتفاق کیا۔ چیف جسٹس کے علاوہ جسٹس جے باگچی اور جسٹس وی موہنا پرساد پر مشتمل بنچ ناگیندر کی خصوصی درخواست کی سماعت کرے گا۔ درخواست گذار نے اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے ہائیکورٹ کے اختیارات کو چیلنج کیا ہے۔ تلنگانہ ہائیکورٹ نے بی جے پی اور بی آر ایس ارکان کی جانب سے ناگیندر کے خلاف داخل کی گئی اپیل پر اسپیکر اسمبلی پرساد کمار کے فیصلہ کو کالعدم کردیا۔ ہائیکورٹ کے احکامات کے بعد بی جے پی فلور لیڈر مہیشور ریڈی اور بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی نے سپریم کورٹ میں کیویٹ پٹیشن دائر کی ہے تاکہ اُن کی سماعت کے بغیر عدالت یکطرفہ فیصلہ نہ کرے۔ ہائیکورٹ نے اپنے احکامات میں بی آر ایس کے ٹکٹ پر اسمبلی کے لئے منتخب ہونے کے بعد استعفیٰ دیئے بغیر لوک سبھا الیکشن میں کانگریس کے ٹکٹ پر مقابلہ کرنے کو انحراف قرار دیتے ہوئے ناگیندر کو نااہل قرار دیا تھا۔ واضح رہے کہ بی آر ایس کے 10 ارکان اسمبلی نے پارٹی سے انحراف کیا ہے۔V/i/k/1