نظام کالج کے طالب علم۔ کالیجیم کی سفارش پر مرکزی حکومت نے تقرر کا اعلامیہ جاری کیا
حیدرآباد۔/5 فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے جسٹس پی وینکٹ سنجے کمار کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیاگیا ہے۔ جسٹس پی وینکٹ سنجے کمار منی پور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سپریم کورٹ کالجیم کی سفارش پر مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے تقرر کرتے ہوئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ جن دیگر ججس کو سپریم کورٹ کا جج مقرر کیا گیا اُن میں راجستھان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس پنکج متل، پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سنجیو کرول، پٹنہ ہائی کورٹ کے جسٹس امان اللہ، الہ آباد ہائی کورٹ کے جسٹس منوج مشرا شامل ہیں۔ نئے تقررات سے سپریم کورٹ میں ججس کی تعداد 25 ہوچکی ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کی قیادت میں کالجیم نے 13 ڈسمبر کو سپریم کورٹ ججس کیلئے ناموں کی سفارش کی تھی۔ سپریم کورٹ میں جسٹس پی سری نرسمہا کے بعد جسٹس سنجے کمار تلگو ریاست سے تعلق رکھنے والے دوسرے جج ہیں۔ سنجیو کمار متحدہ آندھرا پردیش میں ایڈوکیٹ جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے پی رامچندر ریڈی کے فرزند ہیں جن کا تعلق ضلع چتور سے ہے۔ جسٹس سنجے کمار 14 اگسٹ 1963 کو حیدرآباد میں پیدا ہوئے۔ نظام کالج میں ڈگری کی تکمیل کی اور دہلی یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی۔ 1988 میں ایڈوکیٹ کی حیثیت سے خدمات کا آغاز کیا اور 2000 تا 2003 متحدہ آندھرا پردیش میں سرکاری وکیل رہے۔ 8 اگسٹ 2008 کو ایڈیشنل جج کی حیثیت سے تقرر کیا گیا۔ 20 جنوری 2010 کو مستقل جج کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھالی اور 14 اکٹوبر 2019 کو پنجاب۔ ہریانہ ہائی کورٹ تبادلہ عمل میں آیا۔ 12 فروری 2021 کو منی پور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس مقرر کئے گئے۔ر