چیف سکریٹری سنجے جاجو نے پیراڈائز جنکشن کا معائنہ کیا
حیدرآباد۔ 6 ستمبر (سیاست نیوز) چیف سکریٹری سنجے جاجو نے پیراڈائز جنکشن پر مجوزہ الیویٹیڈ کاریڈور کے کاموں کا جائزہ لیا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے مینجنگ ڈائرکٹر سرفراز احمد اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ چیف سکریٹری نے کاریڈور نے راہداری مختلف علاقوں سے کنکٹیویٹی، اراضی کے حصول اور دیگر سہولتوں کا جائزہ لیا۔ پیراڈائز جنکشن سے ڈائری فارم روڈ تک NH44 اور پیراڈائز سے بلارم گن کاراک انکلیو اور شاہ میر پیٹ تک او آر آر جنکشن کو مربوط کرتے ہوئے SH1 (راجیو راہداری) کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے دونوں راہداروں کے کاموں میں تیزی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ الیویٹیڈ کاریڈور کی تکمیل سے پیراڈائز، سکندرآباد، بلارم، گن راک انکلیو، شاہ میر پیٹ اور دیگر علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولتیں حاصل ہوں گی اور مختلف علاقوں کو مربوط کیا جاسکتا ہے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ نئی راہداری کی تعمیر سے سکندرآباد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک جام کے مسائل کو ختم کیا جاسکتا ہے۔ مستقبل کی ضرورتوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے سکندرآباد، بلارم اور شاہ میر پیٹ میں ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لئے نئی راہداری کو ترقی دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی راہداری کی تعمیر سے عوام بہ آسانی اپنی منزل مقصود پہنچ سکتے ہیں اور گاڑیوں کے گذرنے میں آسانی ہوگی۔ پراجکٹ کے لئے اراضی کے حصول کا کام تیز کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ مختلف محکمہ جات کو تال میل کے ساتھ کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے الیویٹیڈ کاریڈور کے علاوہ میٹرو ریل اور آؤٹر رنگ روڈ کے حدود میں ٹریفک سسٹم بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ 1؍F