سکندرآباد تاوشاکھاپٹنم وندے بھارت ٹرین کا افتتاح

   

وزیر اعظم نے دہلی سے ورچول جھنڈی دکھائی، تلنگانہ میں ریلوے کی ترقی کیلئے 3048 کروڑ مختص
حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی نے سکندرآباد تا وشاکھاپٹنم پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ریموٹ ویڈیو لنک کے ذریعہ جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا اور وزیر اعظم نے نئی دہلی سے ورچول ہری جھنڈی دکھائی جس کے بعد وندے بھارت ایکسپریس ٹرین روانہ ہوئی۔ گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن، منسٹر آف اسٹیٹ ریلویز اشونی ویشنو، مرکزی وزیر ثقافت و کلچر جی کشن ریڈی، وزیر داخلہ تلنگانہ محمد محمود علی، وزیر انیمل ہسبنڈری سرینواس یادو، رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے لکشمن، رکن لوک سبھا بنڈی سنجے، صدرنشین و چیف ایگزیکیٹو آفیسر ریلوے بورڈ انیل کمار لاہوٹی، جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے ارون کمار جین اور دیگر موجود تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آن لائن خطاب میں کہا کہ سکندرآباد تا وشاکھاپٹنم وندے بھارت ایکسپریس ٹرین تلنگانہ اور آندھرا پردیش عوام کیلئے مکر سنکرانتی کے موقع پر تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین سے سکندرآباد، ورنگل، وجئے واڑہ اور وشاکھاپٹنم روٹ پر مسافرین کو فائدہ ہوگا اور علاقہ کی سماجی و معاشی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد اور وشاکھاپٹنم کے درمیان سفر کی مسافت میں کمی آئی ہے۔ نریندر مودی نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس ہندوستان میں تیز رفتار ترقی اور آتما نربھر بھارت کا ایک ثبوت ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وندے بھارت ایکسپریس سے مختلف علاقوں کے رابطہ میں اضافہ ہوا ہے۔ وندے بھارت ابھیان سے ریلوے کی غیرمعمولی ترقی ہوئی ۔ وندے بھارت ٹرینوں سے 40 لاکھ افراد نے سفر کیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ گذشتہ آٹھ برسوں میں تلنگانہ میں ریلوے کی وسیع ترقی ہوئی ہے۔ 2022-23 میں ریلوے کی ترقی کیلئے تلنگانہ کو 3048 کروڑ بجٹ دیا گیا جو 2014-15 کے مقابلہ 12 گنا زیادہ ہے۔ 2014-15 میں صرف 258 کروڑ مختص تھے۔ مرکز نے آندھرا پردیش میں ریلوے انفرااسٹرکچر کو مستحکم کیا جس کے نتیجہ میں نہ صرف مسافرین بلکہ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا۔ گورنر ڈاکٹر سوندرا راجن نے کہا کہ انڈین ریلوے انتہائی عصری ٹکنالوجی کو عوام کی سہولت کیلئے متعارف کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں مزید عصری ٹرین سرویسیس کا آغاز ہوگا۔ مملکتی وزیر ریلوے اشونی ویشنو نے مکر سنکرانتی پر تلگو ریاستوں کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد اسٹیشن کو عالمی طرز کے اسٹیشن کے طور پر ترقی دی جارہی ہے۔ تلنگانہ میں جلد 34 دیگر ریلوے اسٹیشنوں کو ترقی دی جائے گی۔ جی کشن ریڈی نے وندے بھارت ٹرین کے آغاز پر وزیر اعظم مودی سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کو 800 کروڑ سے ترقی دی جارہی ہے۔ر