سی سی آئی کے احیاکیلئے مثبت فیصلہ کیاجائے :کے ٹی آر

   

حیدرآباد17مئی(یواین آئی) تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راو نے مرکزی وزیرکامرس اینڈ انڈسٹری،امورصارفین وغذاپیوش گوئل سے اپیل کی ہے کہ تلنگانہ کے ضلع عادل آباد کی سمنٹ کارپوریشن آف انڈیا (سی سی آئی)کے احیا کے لئے مثبت فیصلہ کریں جس کے لئے ریاستی حکومت تمام طرح کا تعاون فراہم کرے گی اوردرکار مالی ترغیبات بھی دے گی تاکہ عادل آباد کے ہزاروں نوجوانوں کو روزگارمل سکے ۔سوشل میڈیا کے اہم پلیٹ فارم ٹوئیٹر پر سرگرم تارک راماراو نے اس خصوص میں ٹی آرایس کے لیڈرو سابق وزیرجوگورامنا کی جانب سے کئے گئے ٹوئیٹ کو ٹیگ کیا۔
رامنا نے تلگوزبان میں کئے گئے اس ٹوئیٹ میں کہا کہ عادل آباد ضلع میں سمنٹ کارپوریشن آف انڈیا کی فیکٹری کے احیا اورضلع کے نوجوانوں کوروزگارفراہم کرنے کے لئے ریاستی حکومت جدوجہد کررہی ہے تو دوسری طرف مرکزکی بی جے پی حکومت نے اس فیکٹری کو بند کرنے کے احکام جاری کئے ہیں۔