سی پی رادھا کرشنن آج گور نر کی ذمہ داری سنبھالیں گے

   

حیدرآباد۔/19 مارچ، ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ اور لیفٹننٹ گورنر پوڈوچیری کی اضافی ذمہ داری سی پی رادھا کرشنن چہارشنبہ 20 مارچ کو سنبھال لیں گے۔ رانچی کے راج بھون سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق گورنر جھارکھنڈ سی پی رادھا کرشنن آج رات دیر گئے حیدرآباد پہنچ گئے اور ایرپورٹ سے سیدھے راج بھون روانہ ہوئے۔ گورنر کی حیدرآباد آمد کے سلسلہ میں سیکوریٹی اور دیگر انتظامات کیلئے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی گئیں۔ رادھا کرشنن کل 20 مارچ صبح 11:15 بجے تلنگانہ کے کارگذار گورنر کی حیثیت سے ذمہ داری سنبھال لیں گے۔ چیف جسٹس تلنگانہ ہائی کورٹ جسٹس الوک ارادھے راج بھون میں تقریب میں انہیں گورنر کے عہدہ کا حلف دلائیں گے۔وہ گورنر تلنگانہ کے علاوہ پوڈوچیری کے لیفٹننٹ گورنر کے فرائض انجام دیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے نفاذ کے سبب صدر جمہوریہ نئے گورنر کا تقرر نہیں کرپائیں گی لہذا لوک سبھا انتخابات کی تکمیل تک رادھا کرشنن تلنگانہ اور پوڈوچیری کی اضافی ذمہ داری نبھائیں گے۔1