سیاسی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری مودی حیدرآباد اور کے سی آر دیگر ریاستوں کے دورہ پر ہونگے

,

   

حیدرآباد۔12 ۔جون(سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی کے قیام حیدرآباد کے دوران چیف منسٹر چندر شیکھر حیدرآباد میں نہیں ہوں گے! بتایاجاتا ہے کہ حسب روایت چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ یکم جولائی کو قومی سیاسی سرگرمیوں کے سلسلہ میں مختلف ریاستوں کا دورہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور وزیراعظم مودی کے دورۂ اور قیام حیدرآباد کے دوران تلنگانہ میں نہیں رہیں گے ۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق وزیر اعظم کے راج بھون میں قیام کے منصوبہ کے بعد چندرشیکھرراؤ نے کا فیصلہ کیا ہے کہ وہ ریاست میں موجود نہیں رہیں گے کیونکہ اگر وزیر اعظم راج بھون میں قیام کے دوران پروٹوکول کے اعتبار سے شہر میں موجودگی کی صورت میںچیف منسٹر کو ان سے ملاقات کیلئے جانا ہوگا۔ چیف منسٹر سابق میں بھی وزیر اعظم مودی کے دورہ حیدرآباد کے دوران خود شہر سے باہر رہے اور وزیر اعظم کے ہمراہ اسٹیج شئیر کرنے سے گریز کرتے رہے ۔ شمس آبا دمیں چنا جیئر سوامی کے آشرم کی افتتاحی تقریب اور مجسمہ کی نقاب کشائی سے بھی چیف منسٹر نے شرکت سے اجتناب کیا اور آئی ایس بی کی تقریب سے بھی چیف منسٹر دور رہے ۔وزیر اعظم کے دونوں دوروں کے موقع پر چیف منسٹر کے ریاست میں نہ ہونے کے بعد اب جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کا جائزہ لینے کے بعد کہا جا رہاہے کہ چیف منسٹر یکم جولائی تا 3 جولائی مغربی بنگال‘ بہار اور دیگر ریاستوں کے دورہ کی منصوبہ بندی میں مصروف ہیں اور کہا جار ہاہے کہ وہ ان ریاستوں کے دورہ کے دوران اپنے قومی سیاست میں سرگرم ہونے کے متعلق دیگر علاقائی سیاسی قائدین کے ساتھ ملاقات کریں گے۔بتایا جاتا ہے کہ ابتداء میں یہ کہا جار ہاتھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے پارٹی کے قومی عاملہ اجلاس میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچ رہے ہیں اور وہ شہر میں قیام کرنے والے ہیں اسی لئے یہ ضروری نہیں ہے کہ چیف منسٹر پروٹوکول کے مطابق ان سے ملاقات کریں لیکن وزیر اعظم کے راج بھون میں قیام کے فیصلہ کے بعد صورتحال تبدیل ہوچکی ہے اور کہا جا رہایہ کہ وزیر اعظم کا راج بھون میں قیام ان کے عہدہ کے اعتبار سے سرکاری ہوگا اور نریندر مودی کے وزیر اعظم کی حیثیت سے راج بھون میں قیام کے بعد چیف منسٹر اور دیگر ریاستی وزراء کو پروٹوکول کا لحاظ رکھتے ہوئے وزیر اعظم سے ملاقات کرنی ہوگی ۔ اسی لئے چیف منسٹر وزیر اعظم کے قیام حیدرآباد کے دوران ملک کی دیگر ریاستوں کے دورہ پر ہوں گے۔م