لندن : سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں برطانوی وزیر اعظم رشی سونک کو سیٹ بیلٹ پہنے بغیر اپنی گاڑی کی پچھلی سیٹ سے کیمرے کے سامنے بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ان کی یہ ویڈیو دیکھ کر برطانوی ناراض ہو گئے اور انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ویڈیو کلپ میں سونک ملک بھر میں آبادی کے مراکز کی سطح کو بلند کرنے کیلئے حکومتی فنڈنگ کے تازہ ترین پیکج پر بات کر رہے تھے لیکن وہ بغیر سیٹ بیلٹ کے نظر آئے۔ ویڈیو کے منظر پر آنے کے بعد ان کے خلاف شدید تنقید کی مہم شروع کردی گئی۔ کچھ لوگوں نے ان پر 500 پاؤنڈ جرمانہ عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔دوسری جانب برطانوی حکومت کے ایک ترجمان نے جمعرات کو کہا کہ وزیر اعظم رشی سونک نے کار میں سواری کے دوران سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر معافی مانگی ہے۔