خواجہ بلال کی درخواست پر سپریم کورٹ میں جمعہ کو سماعت
حیدرآباد۔ سکریٹریٹ میں دو مساجد کو مسمار کرنے کے خلاف سپریم کورٹ میں خصوصی درخواست داخل کی گئی اور اس کی سماعت جمعہ کو مقرر ہے۔ مجلس کے سابق کارپوریٹر و کانگریس لیڈر خواجہ بلال احمد نے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کی ہے ۔ درخواست میں چیف سکریٹری، پرنسپل سکریٹری روڈ اینڈ بلڈنگس، ضلع کلکٹر حیدرآباد، پولیس کمشنر ‘کمشنر جی ایچ ایم سی، تلنگانہ وقف بورڈ کے علاوہ زیڈ ایچ جاوید ایڈوکیٹ کو فریق بنایا گیا ۔ درخواست میں خواجہ بلال نے کہا کہ مسجد معتمدی اور مسجد ہاشمی کو غیر قانونی طور پر منہدم کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کی مسماری کے خلاف ذاکر حسین جاوید عدالت سے رجوع ہوئے تھے جو نامناسب ہے۔ زیڈ ایچ جاوید خود وقف بورڈ رکن ہیں اور ان کا عدالت میں درخواست دائر کرنا غلط ہے۔ اپنی درخواست میں کانگریس لیڈر نے کہا کہ مسجد کی اراضی شرعی قانون کے مطابق اللہ کی ملکیت ہوتی ہے اور کسی کی خواہش کے مطابق اس جگہ کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ اس درخواست کی سماعت سپریم کورٹ کی سہ رکنی بنچ پر4 ستمبر بروز جمعہ کو مقرر ہے۔