شادنگر سرکاری ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی لاپرواہی

   

رادھا اور اُس کے نومولود بچے کی موت کے ذمہ دار عملہ کو معطل کیا جائے : مندا کرشنا مادیگا

شادنگر ۔4 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) شادنگر کے سرکاری کمیونٹی ہاسپٹل میں ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی پر ایم آر پی ایس کے سربراہ اور پدم شری ایوارڈ یافتہ مندا کرشنا مادیگا نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے شادنگر کے سرکاری کمیونٹی ہاسپٹل کا اچانک دورہ کرتے ہوئے وہاں فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا جائزہ لیا۔ حال ہی میں کندورگ منڈل کے موضع چیروکپلی سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون رادھا زچگی کے لیے ہاسپٹل پہنچی تھی، جہاں ماں اور بچے دونوں کی موت واقع ہوگئی تھی۔ اس افسوسناک واقعہ پر انہوں نے گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہاسپٹل میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں اور عملہ سے ملاقات کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس کے علاوہ کئی مریضوں سے بھی بات چیت کرتے ہوئے ہاسپٹل میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ اس موقع پر مندا کرشنا مادیگا نے کہا کہ رادھا اور اس کے پیٹ میں موجود بچے کی جان نہ بچا پانا انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ڈاکٹروں کی لاپرواہی کے باعث یہ المناک واقعہ پیش آیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ اتنے بڑے سرکاری ہاسپٹل میں خواتین کو بنیادی طبی سہولیات اور زندگی بچانے والی خدمات فراہم کرنے میں ناکامی کیوں ہوئی ؟ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل میں فی الحال صرف 14 ڈاکٹر خدمات انجام دے رہے ہیں، جو انتہائی تشویشناک بات ہے۔ ہاسپٹل میں کم از کم 30 ڈاکٹروں کے ساتھ ضروری طبی عملے کا تقرر کیا جانا چاہیے۔انہوں نے سوال کیا کہ ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹروں نے رادھا کی صحت کی حالت کا صحیح اندازہ کیوں نہیں لگایا ؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کے ذمہ دار ڈاکٹروں اور دیگر عملہ کو فوری طور پر معطل کیا جائے۔ اس پروگرام میں ایم آر پی ایس رنگاریڈی ضلع انچارج راگلا اپیندر مادیگا، ایم ایس پی رنگاریڈی ضلع سابقہ صدر راوگلا بابو مادیگا، ایم آر پی ایس ضلع کے سابق صدر پینٹنولا نرسمہا مادیگا، کندورگ منڈل کے سابقہ صدر آنے گالہ آنند مادیگا، چناگلا اشوک مادیگا، ملی پلی بالاراجو مادیگا، مہندر مادیگا، ناگ بھوشنم مادیگا، پانڈو مادیگا، ملیکارجن مادیگا، پروین کمار مادیگا، گٹّا گالہ پرشانت مادیگا سمیت دیگر افراد موجود تھے۔