شادی میں رقص کے دوران حملہ ، زخمی نوجوان کی موت

   

سلطان پور (یوپی)۔ ایک 17 سالہ لڑکا جسے جمعہ کو شادی کی بارات میں رقص کرنے پر جھگڑے کے دوران چاقو سے وارکیا گیا تھا، وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔اس واقعے میں دو دیگر افراد زخمی بھی ہوئے۔ قتل کے مبینہ ملزم کا چچا بھی پراسرار حالات میں انتقال کر گیا۔ لواحقین نے الزام لگایا کہ پولیس نے اسے مارا پیٹا جس سے اس کی موت ہوگئی۔تاہم سلطان پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سومن برما نے رشتہ داروں کی طرف سے ایسی کوئی شکایت موصول ہونے سے انکار کیا۔ برما نے کہا پوسٹ مارٹم موت کی وجہ کا تعین کرے گا اور اس کے نتائج کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاندان نے ابتدائی طور پر پوسٹ مارٹم کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا لیکن پولیس نے انہیں تعاون کرنے پر راضی کیا۔ بلوائی کوٹیا علاقہ میں شیام لال نشاد کی بیٹی کی شادی کے دوران جمعہ کی دیر رات یہ تنازعہ ہوا تھا۔پولیس کے مطابق دولہا کی طرف سے آنے والے مہمان سورج نشاد کو ڈانس پر جھگڑے میں چاقو سے وار کیا گیا۔