شدید بارش کی وجہ عہدیدار الرٹ رہیں، غیر ضروری چھٹیاں منسوخ ،کلکٹر پرتیما سنگھ کی ہدایت

   

میدک31 جولائی:(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پرتِما سنگھ نے شدید بارشوں کے پیش نظر تمام سرکاری عہدیداروں کو الرٹ رہنے، ہر وقت دستیاب رہنے اور غیر ضروری چھٹیاں نہ لینے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف انتہائی ناگزیر حالات میں ہی چھٹی کی اجازت دی جائے گی۔ کلکٹر سنگھ نے اپنے کیمپ آفس سے گوگل میٹ کے ذریعہ ضلع سطح کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں مختلف منڈلوں میں بارش کی صورتحال، راحتی اقدامات اور ممکنہ خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ تحصیلداروں، ایم پی ڈی اوز اور خصوصی عہدیداروں سے زمینی حالات کی تفصیلات حاصل کی گئیں۔کلکٹر پرتِما سنگھ نے کہا کہ عوام بھی شدید بارش کے دوران احتیاط برتیں اور انتہائی ضرورت کے بغیر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ عوامی شکایات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کلکٹریٹ میں 9391942254 پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔