شراب اسکام میں رکن کونسل کویتا کی درخواست پر 28 فروری کو سماعت

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری(سیاست نیوز) سپریم کورٹ نے دہلی شراب اسکام کیس میں بی آر ایس کی رکن کونسل کے کویتا کی درخواست پر سماعت کو 28 فروری تک ملتوی کردیا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ابھیشک بنرجی اور نلنی چدمبرم کی جانب سے پیش کی گئی درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کی جائے گی۔ شراب اسکام میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کی جانب سے دی گئی نوٹس کو کویتا نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ سپریم کورٹ سے درخواست کی گئی کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو کسی بھی کارروائی سے روکا جائے۔ جسٹس بی ایم ترویدی اور جسٹس پنکج متل پرمشتمل بنچ نے درخواست کی سماعت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے تین دن تک شراب اسکام کے سلسلہ میں کویتا سے پوچھ تاچھ کی تھی ۔ کویتا نے سپریم کورٹ سے درخواست کی کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو انہیں طلب کرنے کے بجائے گھر پر جانچ کرنے کی ہدایت دی جائے۔ خاتون ہونے کے ناطے انہیں گھر پر ہی پوچھ تاچھ کی سہولت ملنی چاہئے ۔ کویتا نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو بھی پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے سے معذوری ظاہر کی ۔ سپریم کورٹ 28 فروری کو تینوں درخواستوں کی ایک ساتھ سماعت کرے گا۔1