شرجیل امام کو کزن کی شادی میں شرکت کیلئے4 تا 10 اکتوبر عبوری ضمانت

   

نئی دہلی ۔22؍ستمبر( ایجنسیز )دہلی کے کڑکڑڈوما کورٹ نے جیل میں بند شرجیل امام کو اس کے چچیرے بھائی کی شادی میں شریک ہونے کے لیے عبوری ضمانت دے دی ہے۔ یہ عبوری ضمانت 4 سے 10 اکتوبر تک دی گئی ہے۔ شرجیل امام پر 2020 کے شمال مشرقی دہلی فساد کی سازش کے معاملے میں غیرقانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) اور دیگر قانونی دفعات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے۔ امام کو یہ عبوری ضمانت اس لیے دی گئی ہے تاکہ وہ مقررہ مدت کے دوران اپنے چچیرے بھائی کی شادی کی تقریبات میں شامل ہو سکے۔واضح رہے کہ اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ نے شرجیل امام کی اس عرضی پر دہلی پولیس کو نوٹس جاری کیا تھا جس میں اس نے ٹرائل کورٹ کے ذریعہ ریگولر ضمانت نہ دیے جانے کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔ جسٹس پرتیبھا ایم سنگھ اور وکاس مہاجن کی ڈویژن بنچ نے پولیس سے جواب طلب کیا تھا اور معاملے کی آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کی تھی۔ ٹرائل کورٹ نے پہلے امام اور شریک ملزم عمر خالد کی ریگولر ضمانت کی عرضیاں خارج کر دی تھیں۔ عدالت نے سپریم کورٹ کے 5 جنوری کے اس حکم کا حوالہ دیا تھا جس میں انہیں ضمانت دینے سے انکار کیا گیا تھا اور وہ حالات بھی بتائے گئے تھے جن میں وہ اپنی عرضیاں دوبارہ داخل کر سکتے تھے۔