نئی دہلی: دہلی پولیس نے شردھا والکر قتل کیس کے سلسلے میں منگل کو اپنی چارج شیٹ داخل کی ہے۔ 6629 صفحات کی چارج شیٹ میں پولیس نے اس قتل کیس سے متعلق تمام پہلوؤں پر مفصل روشنی ڈالی ہے۔ پولیس نے کیس کے مرکزی ملزم آفتاب امین پونا والا کو بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت میں پیشی کے دوران آفتاب نے اپنا وکیل تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ نیز اس نے کہا کہ چارج شیٹ کی کاپی ان کے وکیل کے بجائے انہیں دی جانی چاہئے۔شردھا کیس میں چارج شیٹ داخل کرنے کے بعد دہلی پولیس کے جوائنٹ سی پی مینو چودھری نے کہا کہ ہم نے آفتاب کو 12 نومبر کو شردھا والکر کے والد کی شکایت پر گرفتار کیا تھا۔ ہم نے اس قتل کی تحقیقات کے لیے 9 ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ہم نے اپنی ٹیمیں ہریانہ، ہماچل اور مہاراشٹرا میں بھی بھیجی ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ تفتیش میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔ تحقیقات کے دوران ہمارا مقصد سب سے پہلے شردھا کی لاش کے دیگر حصوں کو اکٹھا کرنا تھا۔ اس میں کڑی محنت اور کئی دن لگے۔