شریعت کی روشنی میں متحدہ اور منصوبہ بند آگے بڑھنے کی ضرورت

   


نلگنڈہ میں آل انڈیا ملی کونسل کا اجلاس و شرعی کو نسلنگ سنٹر کا افتتاح، مولانا عمر عابدین اور دیگر علماء کا خطاب

نلگنڈہ ۔ 11 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ملک کے موجودہ حالات اور مسلمانوں کو درپیش مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے علماء کرام و دانشوران ملت سے مشاورت کے بعد آل انڈیا ملی کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ضلع نلگنڈہ میں جنوری میں ایک تشکیل اجلاس میں حالات پر غور و خوص کے بعد ضلع میں آل انڈیا کونسل کے قیام کا فیصلہ کیا۔ مولانا شاہ قادری سید مصطفی رفاعی جیلانی کی نگرانی میں مولانا محمد عبدالبصیر قاسمی کو صدر اور مولانا محمد بلال الدین کو سکریٹری مقرر کرتے ہوئے دیگر اراکین کی تشکیل کی ہدایت دی گئی تھی۔ اس خصوص میں آج سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل مولانا عمر عابدین کی نگرانی میں ایک اجلاس اقامت خانہ بہادر خاں میں منعقد ہوا جس میں کونسل کے جملہ 12 شعبہ جات کے 49 اراکین کو مقرر کیا گیا۔ اس تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے مہمان خصوصی مولانا عمر عابدین نے کلمہ کی بنیاد پر مسلمانوں کو متحد کرنے اور ان کے درپیش مسائل اور موجودہ ملک کے حالات میں مسلمانوں کے خدشات کو دور کرنے اور ان کی یکسوئی کے لئے متحدہ جدوجہد و نمائندگی کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ مسلمانوں کے داخلی مسائل کی جدوجہد قانونی رخ اختیار کرلیا جارہا ہے۔ کونسل کی جانب سے شرعی طور پر اس کی یکسوئی پر توجہ مرکوز کریں۔ مولانا سید احسان الدین رشادی و قاسمی نے کہا کہ مسلمانوں کو شرعی احکامات کی روشنی میں مسائل کی یکسوئی ضروری ہے۔ موجودہ حالات میں نت نئے طریقوں سے مسلمانوں کو پریشان کیا جارہا ہے۔ ایسے میں کونسل کی جانب سے تمام شعبہ جات میں مسائل کی یکسوئی کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ صدر ضلع کونسل مولانا محمد عبدالبصیر قاسمی، معتمد کونسل مولانا محمد بلال احمد، صدر اقامتی خانہ محمد زاہد حسین سکریٹری، ممتاز قریشی کے علاوہ علماء و حفاظ اکرام وکلاء اور دانشوروں اور سیاسی و سماجی قائدین موجود تھے۔ بعد ازاں مولانا عمر عابدین نے مسجد اقصیٰ میں شرعی کونسلنگ سنٹر کا افتتاح کیا اور کہا کہ شعبہ اصلاح معاشرہ کے تحت قائم کردہ سنٹر میں علماء کرام، وکلاء و قابل دانشوروں کی نگرانی میں مسلمانوں کے ازدواجی، مورثی، خاندانی، نزاعی و اختلافی و دیگر معاشرتی مسائل کی باہمی مصالحت کے علاوہ قانونی حل کے لئے رہنمائی کی جائے گی۔ مسلم پرسنل لا کے تحت موضوعات پر بھی عمل کیا جائے اور کہا کہ موجودہ دور میں مسلم معاشرہ جس زبوں حالی سے گذررہا ہے وہ ناقابل بیان ہے۔ قرآن و احادیث میں ہمیں مکمل دستور حیات موجود ہے لیکن ہم ان سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ شریعت کے مطابق مسائل کی یکسوئی اور دیگر کے حل کے لئے منصوبہ بند طریقہ سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اس پروگرام میں سابقہ صدر، ادارے اقامت خانہ محمد شاہد احمد، منیر الدین افسر، محمد مسیح الدین و لئیق ایڈوکیٹ، غلام جیلانی، محمد منیر الدین، مولانا محمد یاسر متین، مولانا محمد مخدوم و دیگر موجود تھے۔