ششی دھر جگدیشن ایچ ڈی ایف سی بینک کی کمان چھوڑیں گے

   

دوبارہ تقرر سے بھی گریز کا فیصلہ ۔ نئے ایم ڈی کی تلاش
ممبئی29 اگست (یواین آئی) ایچ ڈی ایف سی بینک کے ایم ڈی اور سی ای او ششی دھر جگدیشن نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور بینک کے بورڈ آف ڈائرکٹرز کو آگاہ کر دیا کہ وہ دوبارہ تقررکی درخواست نہیں کریں گے ۔ ششی دھر جگدیشن کی موجودہ میعاد 26 اکتوبر کو مکمل ہو رہی ہے ۔ بینک نے اسٹاک مارکیٹ کو اطلاع میں کہا کہ بورڈ نے جگدیشن کے دوبارہ تقرری نہ مانگنے کے فیصلے کا نوٹس لیا ہے ۔ انہیں فیصلے پر نظرثانی کیلئے آمادہ کرنے کی کوششوں کے باوجود انہوں نے واضح کیا کہ وہ دوبارہ تقرری کی درخواست نہیں کریں گے ۔ اس کے مطابق ششی دھر جگدیشن 26 اکتوبر 2026 کو کاروباری اوقات کے اختتام کے ساتھ بینک سے سبکدوش ہو جائیں گے ۔ بورڈ آف ڈائرکٹرز نے بینک کیلئے ان کی خدمات، قیادت اور بینک کی ترقی و استحکام میں ان کے اہم کردار کو سراہا۔ بورڈ نے کارپوریٹ ہندوستان کے بڑے انضمام میں سے ایک کو کامیابی سے مکمل کرنے میں ان کے کردار کی بھی تعریف کی اور مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ساتھ ہی ان کے جانشین کے انتخاب اور تقرری کے عمل کو تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ مقررہ مدت کے اندر نئی تقرری مکمل کی جا سکے ۔ ایچ ڈی ایف سی بینک میں گزشتہ چھ ماہ کے دوران اعلیٰ سطح پر یہ دوسری بڑی تبدیلی ہے ۔ اس سے قبل بینک کے اس وقت کے چیئرمین اتنو چکرورتی نے 18 مارچ کو اچانک عہدہ سے استعفیٰ دیا تھا۔ انہوں نے اپنے استعفے میں کہا تھا کہ گزشتہ دو برس کے دوران انہوں نے بعض ایسی سرگرمیاں دیکھی تھیں جو ان کی ذاتی اخلاقی اقدار کے مطابق نہیں تھیں۔ اس کے بعد بینک نے کیکی مستری کو عبوری جزوقتی چیئرمین مقرر کیا تھا۔