شمالی کوریا کی بحریہ میں 5 ہزار ٹن وزنی دوسرا تباہ کن جہاز شامل

   

سیول ۔ 7 ستمبر (ایجنسیز) شمالی کوریا نے 5 ہزارٹن کا دوسرا تباہ کن جہاز ’کانگ کون کلاس‘ بحری بیڑے میں شامل کر لیا، یہ جہاز شمالی کوریا کی جوہری جوابی کارروائی کے نظام کا حصہ بنے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جہاز کو شمالی کوریا کی ونسن پورٹ پر بحریہ کے سپرد کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان تھے جو اپنی صاحبزادی کے ہمراہ تقریب میں شامل ہوئے۔ کم جونگ ان نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ نئے جنگی جہاز کی جزیرہ نما کوریا کے مشرقی سمندر میں تعیناتی مخالفین کیلئے واضح پیغام ہے۔ انہوں مزید کہا کہ شمالی کوریا کے بحری نیوکلیر ہتھیاروں میں پیش رفت ہو رہی ہے، یہ جہاز کانگ کون شمالی کوریا کی جوہری جوابی کارروائی کے نظام کا حصہ بنے گا۔ شمالی کوریا کے سربراہ نے یہ بھی کہا ہے کہ اپنی سمندری خود مختاری اور علاقائی سلامتی کے تحفظ کیلئے اہم سمندری علاقوں میں طاقت ور ترین اسٹریٹجک صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتے رہیں گے۔