نیویارک : اقوام متحدہ سیکوریٹی کونسل کی شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں پر عمل درآمد کیلئے کینیڈا اپنا فوجی طیارہ جاپان میں تعینات کرے گا۔ گزشتہ روز کینیڈا کی وزیر دفاع انیتا آنند نے ایئرفورس کے سی پی 140 ارورا ایئرکرافٹ کی جاپان میں تعیناتی کا اعلان کیا۔ یہ طیارہ 6 ہفتہ تک سمندری پابندیوں کی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرے گا جن میں خاص طور پر بحری جہاز سے دوسرے بحری جہاز کو ایندھن اور دیگر اشیاء کی منتقلی شامل ہے جسے سلامتی کونسل نے ممنوع قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ شمالی کوریا کے بیلسٹک میزائل اور نیوکلیر پروگرام کی وجہ سے اقوام متحدہ نے 2006 سے پابندیاں لگا رکھی ہیں۔ مارچ کے آخری ہفتہ میں شمالی کوریا نے زیر زمین حملہ کرنے کی صلاحیت رکھنے والے نیوکلیر ڈرون کا تجربہ کیا تھا۔