شوپیاں میں آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا گیا

   

سرینگر: پولیس نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے شیر مال علاقہ میں منگل کی صبح ایک آئی ای ڈی بر آمد کی جس کو بعد میں بم ڈسپوزل اسکارڈ نے ناکارہ بنایا۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ پولیس اور فوج کی ایک مشترکہ ٹیم نے منگل کی صبح شوپیاں کے شیرمال علاقہ میں ایک آئی ای ڈی پائی۔ انہوں نے کہا کہ آئی ای ڈی پاتے ہی بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا تاکہ اس دھماکہ خیز مواد کو بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا جائے ۔انہوں نے کہاکہ کئی گھنٹوں کی انتھک کوشش کے بعد بی ڈی ایس اسکارڈ نے آئی ای ڈی کو ناکارہ بنایا۔ ذرائع نے بتایا کہ آئی ای ڈی ناکارہ بنانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے شیر مال شوپیاں اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ کھوجی کتوں کی مدد سے سیب کے باغات کو بھی کھنگالا جارہا ہے ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ آئی ای ڈی نصب کرنے میں ملوث ملی ٹینٹوں کی شناخت کی خاطر آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں ۔ دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔