شہر میں آئندہ چار دن بارش کا امکان نہیں

   

15 اکٹوبر سے ریاست بھر میں بارشوں کا سلسلہ تھم جانے کی امید
حیدرآباد۔10۔اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون کی بارشوں کا سلسلہ بند ہوچکا ہے اور 14 اکٹوبر تک شہر حیدرآباد میں کسی بھی مقام پر بارش ریکارڈ نہیں کی جائے گی بلکہ 11تا14 اکٹوبر کے دوران صبح کی اولین ساعتوں کے علاوہ رات دیر گئے سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے جس کے نتیجہ میں سردیوں کا آغاز ہوجائے گا لیکن 14 اکٹوبر کے بعد دو یوم کے لئے بارش کے امکانات ہیں جبکہ ریاست سے مانسون ختم ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 15 اکٹوبر سے ریاست بھر میں بارشوں کا سلسلہ مکمل طور پر بند ہونے کی پیش قیاسی کی گئی تھی لیکن خانگی ماہرین موسمیات کا کہناہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک وقفہ وقفہ سے بعض اضلاع میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا لیکن سرد موسم کا سلسلہ اب شروع ہوچکا ہے ۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں 10اکٹوبر کی صبح سے ہی سردموسم کا آغاز ہوچکا ہے اور جمعہ کی صبح کی درجہ حرارت میں زبردست گراوٹ ریکارڈ کی گئی بلکہ شہر کے بعض علاقوں میں 18ڈگری سیلسیس سے بھی کم درجہ حرارت ریکارڈ کئے جانے کی توثیق ہوئی لیکن اس کے باوجود بھی دونوں شہروں میں آج مکمل طور پر خشک رہا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں مجموعی اعتبار سے 32 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ۔ سال گذشتہ تلنگانہ میں 776.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ جاریہ سال کے دوران 1028.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جو کہ 32 فیصد زیادہ ہے۔یکم جون تا 9اکٹوبر کے دوران ریکارڈ کی گئی اس بارش کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 933.4ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ عام طور پر 667.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاتی تھی ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتر اضلاع میں بھی توقع اور معمول سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور بعض اضلاع میں 13اکٹوبر تک ہلکی اور تیز بارش کے امکانات برقرار ہیں۔3