مہدی پٹنم میں کتے کے حملے میں کمسن لڑکا زخمی، جی ایچ ایم سی خواب غفلت میں
حیدرآباد یکم / دسمبر ( سیاست نیوز ) شہر میں آوارہ کتوں کی بہتات شہریوں میں خوف و دہشت کا سبب بن گئیں ہیں ۔ آوارہ کتوں کی سرگرمیاں شہریوں بالخصوص اسکولی طلبہ و خواتین کیلئے خطرناک ثابت ہو رہی ہیں ۔ علاقہ مہدی پٹنم ، دلشادنگر کالونی میں اس طرح کا ایک واقعہ پیش آیا ۔ آوارہ کتے کے حملے میں ایک کمسن لڑکا زخمی ہوگیا ۔ کتے نے بچہ کا تعاقب کرتے ہوئے اس پر حملہ کردیا ۔ اس طرح کے خطرناک واقعات کے تدارک اور روک تھام کیلئے بلدیہ کی جانب سے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے ۔ افسوس کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی مجرمانہ غفلت اب شہریوں کی زندگی کیلئے خطرناک ثابت ہو رہی ہے ۔ سابق میں اس طرح کے آوارہ کتوں کے حملے میں ایک کمسن لڑکا ہلاک ہوگیا تھا ۔ یہ دردناک واقعہ کلثوم پورہ حدود میں پیش آیا تھا ۔ جبکہ قلعہ گولکنڈہ میں ایک کمسن لڑکا جو مکان کے سامنے کھیل رہا تھا ۔ آوارہ کتوں نے حملہ کرتے ہوئے لڑکے کو ہلاک کردیا تھا ۔ ان سنگین اور خطرناک واقعات کے بعد بھی کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ۔ ایسا آوارہ کتوں کی دہشت اس قدر پیدا ہوگئی ہے کہ شہریوں اپنے تحفظ پر سوال اٹھانے لگے ہیں ۔ آوارہ کتوں کی بہتات اور ان کی سرگرمیاں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ وہ غول کی شکل میں نمودار ہوتے ہیں اور باضابطہ ایک جھنڈ کی شکل میں شہریوں پر حملہ کر رہے ہیں ۔ گاڑیوں اور موٹر سائیکل رانوں کا تعاقب کیا جاتا ہے اور کئی شہری کتوں کے سبب حادثات کا شکار ہوکر زخمی ہوئے ہیں ۔ آوارہ کتوں کی بہتات مہدی پٹنم ، ٹولی چوکی ، سالارجنگ کالونی ، سمتا کالونی یا پھر چند مخصوص علاقوں تک محدود نہیں ہے بلکہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی آوارہ کتوں کی کثرت سے دہشت کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ اسکولی طلبہ اور بچوں کے علاوہ خواتین کا مکانات سے باہر نکلنا مشکل ہویگا ۔ ان واقعات کی شہریوں کی جانب سے بارہا توجہ دہانی کے باوجود بلدیہ کی جانب سے کسی قسم کے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے اور ان واقعات کی روک تھام کیلئے کوئی موثر اقدام ہوتا ہے ۔ بلدیہ میں کتوں کی کثرت پر قابو پانے اور ان کی سرگرمیوں پر روک لگانے اور آبادیوں سے ان کا تخلیہ کرنے کا باضابطہ ایک نظام ہے لیکن توجہ کا فقدان خطرناک نتائج کے سبب بن رہا ہے ۔ شہریاں حیدرآباد کیلئے آوارہ کتوں کی بہتات ایک آفت سے کم تصور نہیں کی جاتی۔ بڑی کالونیوں کے علاوہ بستی اور محلہ بھی کتوں کے اثرات سے محفوظ نہیں رہے کتوں کی دہشت کے سبب عوامی نمائندے بھی شہریوں کی ناراضگی کی زد میں آگئے ہیں اور شہری عوامی منتخبہ نمائندوں پر بھی لاپرواہی اور عوامی مسائل پر عدم توجہی کا ا لزام لگارہے ہیں ۔ ارباب مجاز کو چاہئے کہ وہ شہریوں کی سلامتی کیلئے خطرہ بن چکے اس سنگین مسئلہ پر فوری ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس کی یکسوئی کیلئے اقدامات کو انجام دیں ۔ ع