شہر میں بارش کے باوجود ذخائر آب کی سطح میں کوئی اضافہ نہیں

   

حیدرآباد۔31۔اکٹوبر(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں کئی مقامات پر 100ملی میٹر سے زائد بارش کے باوجود شہر حیدرآباد کو پینے کے پانی کی سربراہی کے لئے مختص دونوں ذخائر آب حمایت ساگر و عثمان ساگر کی سطح آب میں کوئی اضافہ نہیں ہوا بلکہ شہر میں ہونے والی بارش کا پانی برساتی نالوں کے ذریعہ موسیٰ ندی میں بہہ گیا۔ بتایا جاتاہے کہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی علاقوں میں گذشتہ شب ہوئی انتہائی شدید موسلادھار بارش کے بعد پانی کے بہاؤ کے متعلق تیار کردہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے ۔ محکمہ موسمیات کے ماہرین کے مطابق جن مقامات سے عثمان ساگر و حمایت ساگر کو پانی پہنچتا ہے ان علاقوں میں 2نومبر سے ہونے والی بارش کے ذریعہ پانی جمع ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیسرا میں گذشتہ شب ہوئی بارش کے دوران 108.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ بہادرپورہ کے علاقہ میں 82.3ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اسی طرح مادھا پورمیں 73.5ملی میٹر ‘ شیخ پیٹ میں 66.8 ملی میٹر ‘ چارمینار 63.5ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ماہرین موسمیات کے مطابق یکم نومبر تا 3نومبر کے دوران ہونے والی بارشوں کے نتیجہ میں منجیرا ندی کے بہاؤ میں اضافہ ہونے کا امکان ہے جبکہ گذشتہ شب ہوئی بارش کا پانی موسیٰ ندی کے ذریعہ سوریہ پیٹ اور یدادری پہنچ چکا ہے۔ حیدرآباد کو پانی سربراہ کرنے والے ذخائر آب حمایت ساگر و عثمان ساگر میںپانی کی سطح آب میں اضافہ کے لئے وقار آباد‘ شمس آباد ‘ میدک ‘ کاماریڈی کے علاوہ دیگر اطراف کے اضلاع میں بارش ریکارڈ کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں دونوں ذخائر آب میں پانی کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا جو کہ دونوں ذخائر آب کی سطح میں اضافہ کا سبب بنے گا۔3/a/b