شہر کے مختلف علاقوں میں برقی سربراہی میں خلل

   

عوام کو شدید مشکلات ، عملہ سے رابطہ پر کوئی جواب نہیں
حیدرآباد۔2۔جون۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباو سکندرآباد میں برقی سربراہی میں پڑے والے خلل کے سبب شہریوں کو شدید مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور تلنگانہ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹڈ کے عملہ کی جانب سے اختیار کی جانے والی بے اعتنائی کے نتیجہ میں برقی صارفین کی برہمی میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں میں وقفہ وقفہ سے برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل نے شہریوں کو مشکلات میں مبتلاء کر رکھا ہے اور گرمی کی شدت میں اضافہ اور تعطیلات کے دور میں محکمہ برقی کی معیاری و بلاوقفہ برقی سربراہی میں ناکامی کے سبب عوام کی مشکلات میں اضافہ ہونے لگا ہے۔پرانے شہر کے علاقوں کالا پتھر‘ سنتوش نگر‘ وٹے پلی ‘ فلک نما ‘ جہاں نما‘ عیدی بازار ‘ مادنا پیٹ ‘ یاقوت پورہ ‘ چندرائن گٹہ ‘ حافظ بابا نگر ‘ سعید آباد‘ ونستھلی پورم‘ سکندرآباد کے علاوہ کئی علاقوں سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ رات دیر گئے یا صبح کی اولین ساعتوں میں برقی سربراہی منقطع کی جانے لگی ہے اور سہ پہر کے بعد بھی کسی بھی وقت 30تا40 منٹ برقی سربراہی منقطع ہورہی ہے۔صارفین جو سوشل میڈیا کے ذریعہ محکمہ کو راست مطلع کر نے میں کامیاب ہورہے ہیںانہیں تاخیر سے ہی سہی برقی شعبہ سے جواب موصول ہورہا ہے لیکن ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل کے ہیلپ لائن نمبر یا فیوز آف کال نمبر پر کال کرنے کی صورت میں انہیں کوئی جواب موصول نہیں ہورہے ہیں۔رات دیر گئے برقی سربراہی منقطع ہونے کی صورت میں اعلیٰ عہدیداروں سے بھی راست رابطہ ممکن نہیں ہوتا اسی لئے فیوز آف کال کے نمبرات پر بھی عملہ کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا جا رہاہے جو کہ عوام کے لئے مشکل کا سبب بنتا جار ہاہے۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآبادکے بیشتر علاقو ں میں برقی سربراہی میں ہونے والے خلل کے متعلق عہدیداروں کا کہناہے کہ شہر میں موسم گرما کی شدت میں اضافہ کے نتیجہ میں برقی کھپت میں اضافہ ہونے لگا ہے اسی لئے برقی سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے ۔محکمہ برقی کے عہدیداروں نے عوام کی جانب سے غیر معلنہ برقی کٹوتی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ برقی کھپت میں اچانک ریکارڈ کئے جانے والے اضافہ کے سبب برقی سربراہی میں خلل پیدا ہورہا ہے جسے اندرون 30 منٹ بحال کیا جا رہاہے۔3