لندن ۔ 7 نومبر (ایجنسیز) برطانوی شاہی خاندان کے منحرف رکن شہزادہ ہیری اپنے ناراض بھائی شہزادہ ولیم سے تعلقات بہتر بنانے کیلئے پرعزم ہیں اور اس مقصد کیلئے انہوں نے اپنی بھابھی کیٹ مڈلٹن سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امریکی جریدے اسٹار میگزین کی رپورٹ کے مطابق شاہ چارلس کے چھوٹے بیٹے شہزادہ ہیری کا خیال ہے کہ کیٹ مڈلٹن ہی شہزادہ ولیم کے رویے میں نرمی لا سکتی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیری اس مقصد کیلئے کیٹ سے مدد کی درخواست کرنے بلکہ اپنی بھابی کی منت سماجت کرنے کیلئے بھی تیار ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ہیری کیلئے کیٹ مڈلٹن سے رابطہ کرنا مشکل ہو سکتا ہے کیونکہ اب شہزادی دونوں بھائیوں میں صلح کروانے میں پہلے جیسی دلچسپی نہیں رکھتیں۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ماضی میں کیٹ مڈلٹن دونوں بھائیوں کے درمیان اختلافات ختم کروانے کی بھرپور کوشش کرتی رہی ہیں تاہم اب شہزادی کا رویہ تبدیل ہو چکا ہے۔