حیدرآباد۔/10 اپریل،( سیاست نیوز) بی جے پی کے سینئر لیڈر جی نارائن ریڈی نے حیدرآباد میں 1500 کروڑ مالیتی قیمتی سرکاری اراضی کے تحفظ کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض افراد نے حیدرآباد میں قیمتی اراضی پر ناجائز قبضہ کرلیا ہے اور حکام خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عہدیداروں نے اراضی کے حقوق ایک خانگی سوسائٹی کے حوالے کرنے کی کوشش کی لیکن عدالت کی جانب سے اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں دیا گیا۔ بی جے پی قائد نے کہاکہ چند عہدیداروں کی غیر ذمہ دارانہ اور بدعنوان سرگرمیوں کے نتیجہ میں خانگی سوسائٹی نے شیخ پیٹ ولیج میں قیمتی اراضی ہڑپ لی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریاستی حکومت کے ایک سینئر عہدیدار اس معاملہ میں ملوث ہیں اور انہوں نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو متنازعہ اراضی کا لے آؤٹ پرمیشن جاری کرنے کی سفارش کی۔ شیخ پیٹ ولیج میں ایک فرضی سروے نمبر تیار کیا گیا اور 32 ایکر اراضی پر ملکیت کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ ملکیت سے متعلق تنازعہ عدالت میں زیر التواء ہے۔ ریاستی حکومت سرکاری اراضیات کے تحفظ کا دعویٰ کرتی ہے لیکن شیخ پیٹ میں قیمتی اراضی پر قبضہ کے باوجود خاموش ہے۔ ر