صاف ہوا میں سانس لینے دو، پیسہ مٹھائی پر خرچ کرو

   

پٹاخوں پر عائد پابندی ہٹانے کے مطالبہ پر سپریم کورٹ کا مشورہ

نئی دہلی : دہلی این سی آر میں پٹاخوں پر عائد پابندی کو ہٹانے کا مطالبہ کرنے والی پٹاخہ فروخت کرنے والوں کی درخواست پر سپریم کورٹ نے جلد سماعت سے جمعرات کو انکار کردیا۔ پٹاخوں پر پابندی ہٹانے کی مانگ کرنے والی درخواست پر فوری سماعت سے انکار کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پٹاخہ بیچنے والوں کو مشورہ دیا کہ اپنے پیسے میٹھائی پر خرچ کریں۔ اتنا ہی نہیں ، کورٹ نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو صاف ہوا میں سانس لینے دو۔ اس سے پہلے سپریم کورٹ میں معاملہ زیر غور ہونے کے پیش نظر دہلی ہائی کورٹ نے جمعرات کو ہی ڈی پی سی سی کے سبھی طرح کے پٹاخوں کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی لگانے سے متعلق فیصلہ کو چیلنج کرنے والی عرضی پر غور کرنے سے انکار کردیا تھا۔دہلی ہائی کورٹ سے جھٹکا لگنے کے بعد سپریم کورٹ نے بھی پٹاخہ بیچنے والوں کو نصیحت کرتے ہوئے جھٹکہ دے دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ دہلی کے لوگوں کو صاف ہوا میں سانس لینے دو اور اپنے پیسوں کو آپ میٹھائی پر خرچ کرو۔ سپریم کورٹ کے سماعت کرنے سے انکار کا مطلب ہے کہ دہلی۔ این سی آر میں دیوالی اور چھٹھ سمیت سبھی تہواروں پر تا حکم ثانی پٹاخوں پر پابندی عائد رہے گی۔اس سے پہلے گرین پٹاخوں کو بیچنے کی اجازت دینے کی مانگ کرنے والی عرضی پر دہلی ہائی کورٹ نے سماعت سے انکار کردیا تھا۔ دہلی کے 50 سے زیادہ لائسنس ہولڈر کاروباریوں نے گرین پٹاخوں کو بیچنے کی اجازت دینے کی درخواست کی تھی۔سبھی طرح کے پٹاخوں کی ذخیرہ اندوزی اور فروخت پر مکمل پابندی کو چیلنج کرنے والی عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے دہلی سرکار نے دلیل دی تھی کہ این جی ٹی کے فیصلہ کے پیش نظر پٹاخوں کی فروخت نہیں کی جاسکتی ہے اور یہاں تک کہ پٹاخوں کے اسٹاک کو بھی شہر سے باہر نہیں لے جایا جاسکتا ہے۔